تعلیم پر سرمایہ کاری کرکے نظام تعلیم کو عالمی معیار کے ہم پلہ بنایا ہے، قمرالسلام


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)حکومت پنجاب نے فروغ تعلیم پر بے پناہ سرمایہ کاری کرکے پنجاب کے نظام تعلیم کو عالمی معیار کے ہم پلہ بنایا ہے جس سے ملک کو بہترین اور بااعتماد نوجوان قیادت میسر آئی ہے اس حوالے سے ’’پڑھو پنجاب،بڑھو پنجاب ‘‘ کے تین سالہ پروگرام کے ذریعے صوبے میں سو فیصد خواندگی کا ہدف کامیابی سے مکمل کر لیا جائے گااس مقصد کے لئے شعبہ تعلیم کو خصوصی فنڈز مہیا کئے گئے ہیںیہ بات چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمرالسلام راجہ نے ایک مقامی ہوٹل میں شعبہ تعلیم میں’’ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ چیلنج و مواقع‘‘ کے موضوع پر منعقدہ پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب میں بتائی حکومت پنجاب نے ایجوکیشن روڈ میپ پروگرام کے پہلے مرحلے میں سکول ایجوکیشن سیکٹر کو ضروری سہولتیں مہیا کیں جبکہ دوسرے مرحلے کوالٹی آف ایجوکیشن بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تجویز کردہ مقامات پر 225 پارٹنر سکول کھول رہی ہے تاکہ تعلیمی پسماندگی کا شکار علاقوں میں تعلیم کا اجالا پھیلے۔اگلے تین سالوں تک پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے 28 لاکھ مستحق بچوں کی مفت تعلیم کا ہدف مقرر کیا ہے
انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی افادیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح درکار اہداف جلد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔قمرالسلام راجہ جو پنجاب اسمبلی میں اسٹینڈنگ کمیٹی برائے تعلیم کے چیئرمین بھی ہیں ،نے کہا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے محکمہ تعلیم کے نان سیلری بجٹ میں 1400 کروڑ روپے مختص کئے ہیں، یہ رقم سکول مینجمنٹ کمیٹیوں کے ذریعے سکولوں کی بہتری پر خرچ کی جارہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اب سرکاری سکولوں سے طالب علموں کو خارج کرنا جرم ہے، اسی طرح بچوں کو داخلہ دینے سے انکار بھی قابل سزا ہے۔اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکول لانا ہے۔تقریب سے زہرہ زیدی،ڈاکٹر سلمان ہمایوں،ڈاکٹر فیصل باری ،ڈاکٹر عرفان مظفر،اکبر خان اور دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا۔