نواز شریف وزارت عظمٰی پر واپس آئینگے ، شاہد خاقان عباسی بھاری اکثریت سے وزیر اعظم منتخب ، شاہد خاقان بھی نواز شریف ہیں : مریم نواز

نواز شریف وزارت عظمٰی پر واپس آئینگے ، شاہد خاقان عباسی بھاری اکثریت سے وزیر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) شاہد خاقان عباسی نے 18 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ،ا سلا م آباد میں ایوان صدر میں صدر ممنون حسین نے شاہد خاقان عباسی سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا، تقریب میں گورنرسندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی سیکریٹریز، مسلح افواج کے سربراہان، مسلم لیگ(ن) کے اہم رہنماؤں، مولانا فضل الرحمان، غیر ملکی سفیر اور دیگر شخصیات نے شرکت کی، سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نومنتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے ۔ قبل ازیں قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ہوئی جس میں 342 ارکان کے ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار نوید قمر نے 47، پی ٹی آئی، عوامی مسلم لیگ اور مسلم لیگ (ق) کے مشترکہ امیدوار شیخ رشید نے 33 اور جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے 4 ووٹ حاصل کیے۔قائد ایوان منتخب ہونیوالے شاہد خاقان عباسی کو مسلم لیگ (ن) کے علاوہ ایم کیو ایم، جے یو آئی (ف)، نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور مسلم لیگ ضیا کے ارکان نے بھی ووٹ دیئے۔قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا وزارت عظمیٰ سیاست کی معراج سمجھی جاتی ہے، جمہوریت کا عمل آج دوبارہ پٹڑی پر چل پڑا ہے، مسلم لیگ (ن)، حلیف جماعتوں اور عوام کیوزیر اعظم نواز شریف ،ا س کے علاوہ ہمیں گالی گلوچ میں یادرکھنے والے عمران خان کا بھی مشکور ہوں، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہم نے من و عن قبول کیا ہے لیکن عوام نے اسے قبول نہیں کیا،،کوئی قانونی ماہر ایسا نہیں جو اس فیصلے کو مان سکے،نواز شریف نے کبھی کرپشن نہیں کی وہ ایک بار پھر وزیر اعظم بنیں گے، ابھی ایک اور عدالت بھی لگے جو اس عدالت سے بڑی ہوگی اور وہاں کوئی جے آئی ٹی نہیں ہوگی۔نو منتخب وزیر اعظم نے کہا 30 سا ل سے پارٹی کیساتھ ہوں نوازشریف نے کبھی کرپشن نہیں کی، پنڈی سے الیکشن لڑنیوالے شیخ رشید بھی نواز شریف کے حق میں گواہی دیں گے، نوازشریف نے ملک کو ایٹمی ملک بنایا یہ اس کی غلطی ہے، نواز شریف کا قصور یہ ہے کہ اس نے دس ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی اور نومبر میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ حکومت، اپوزیشن، فوج اور عدلیہ سب ایک کشتی میں سوار ہیں، کشتی میں چھید ہوگا تو سب ڈوب جائینگے، ہمیں آئین کے مطابق چلنا ہے ، میں 45 دن میں 45 مہینوں کا کام کروں گا ، ہم بھی اپوزیشن والا کام کرسکتے ہیں لیکن ہماری تربیت ایسی نہیں، ہمارے قائد کا حکم ہے گالی کا جواب شائستگی سے دیا جائے۔ ملک کے حقیقی وزیر اعظم نواز شریف جلد واپس آئیں گے۔ وزارت عظمیٰ کی کرسی سیاست کی میراث سمجھی جاتی ہے،یہ وہ سیٹ ہے جس پر لیاقت علی خان، ذوالفقار علی بھٹو، ،محمد خان جونیجو، محترمہ بینظیر بھٹو اور نواز شریف بیٹھے۔ یہ مسلم لیگ ن ہی ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پارٹی میں سے کسی شخص نے نہیں کہا وہ اس کرسی تک پہنچنا چاہتا ہے، پارٹی قیادت نے جس شخص کا انتخاب کیا آج وہ یہاں کھڑا ہے۔ میں ملک کا وزیراعظم ہوں اور اس نشست کے بوجھ کا علم ہے، الزام لگانے والے سامنے آئیں احتساب کیلئے تیار ہو ں ،اپوزیشن نے کچھ کام کیا ہوتا تو حکومتی نشستوں پر ہوتے، ایل این جی پر بات کرنی ہے تو 24 گھنٹے حاضر ہوں، سیاست میں آنے سے پہلے میرے اثاثے زیادہ تھے جبکہ میں نے جو کچھ کمایا ہے محنت کر کے کمایا اور سب کے سامنے کمایا، سیاست سے پہلے بھی رہن سہن اعلیٰ معیار کا تھا اور بہت اثاثے تھے، الزامات لگانے والوں کو چیلنج کرتا ہوں مجھ پر الزامات ثابت کر یں ۔ نو منتخب وزیراعظم نے کہا آج اس ایوان کا سب سے بڑا کام یہ ہے ایوان اپنی عزت و تقدس کو بحال کرے ،ہمیں آئین کے مطابق چلنا ہے، نواز شریف نے عوام کی خدمت کی جس کی گواہی عوام دیں گے۔ اپنی ترجیحات کے بارے میں بتاتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا ملک میں سکیورٹی کے مسئلے کو سب کو مل کرحل کرناہے،کوئی ملک ایسا نہیں جس میں عام آدمی کو خودکار اسلحہ کا لائسنس دیا جاتاہو، پوری کوشش ہوگی ملک میں شہریوں کے پاس خودکار اسلحہ نہ ہو، وفاقی حکومت اسلحے کے لائسنس جاری نہیں کریگی۔ کراچی کے مسائل کو حل کیا جائے گا ،ہم نے ملک کے سب سے بڑے شہر کو امن دیا اب وہاں انتظامی مسائل حل کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ نواز شریف کے وعدے کے مطابق کراچی پیکیج پر عمل درآمد کیا جائے گا۔پار لیمنٹر ینز کی ٹیکس ڈائریکٹری دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے، ٹیکس دینا قانونی ذمہ داری ہے، ہم نے ٹیکس نہ دینے والوں کے پیچھے جانا ہے، جو ٹیکس نہیں دیتے ان کو ٹیکس دینا پڑیگا اور ہر ایک کو اپنے طرز زندگی کی وضاحت کرنی ہوگی ۔زراعت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اسے مضبوط کریں گے جہاں لوگ بل ادا نہیں کریں گے وہاں لوڈشیڈنگ ہوگی، سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پارلیمنٹ کے ممبران اسمبلی اجلاس میں اپنے نجی ملیشیا کیساتھ آتے ہیں کوشش کریں گے اسمبلی سے ایسا بل منظور کرایا جائے کہ خود کار اسلحے کے لائسنس واپس لئے جائیں کیوں کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں خودکار اسلحہ عام افراد کے پاس نہیں ہوتا، کسی بھی ملک میں نظام تعلیم اہمیت کا حامل ہے میں اپنے دور اقتدار میں کوشش کروں کا وفاقی نصاب ا ور یکساں نظام تعلیم لایا جائے اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے۔ ہم نے اس ملک کو ریلوے کا جدید ترین نظام دینا ہے۔فاٹا میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ملک میں بجلی کے منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔ سیاست میں گالی گلوچ کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا ہے ، پارلیمنٹ سے باہر نکل کر شمال کی جانب پہاڑوں کو دیکھیں میں انہی پہاڑوں کا رہنے والا ہوں میں ان سے بہتر یہ کام کر سکتا ہوں ، نوید قمر میرے کلاس فیلو اور ہم جماعت ہیں قائد حزب اختلاف نے ایک سازش کے تحت دو بھائیوں کو لڑا دیا ، میں ان کا بے حد مشکور ہوں۔ واضح رہے نواز شریف کی نااہلی کے بعد شہباز شریف کو وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن وہ اس وقت رکن قومی اسمبلی نہیں، اسلئے انکے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے تک شاہد خاقان عباسی کو عارضی طور پر وزارت عظمیٰ سونپی گئی ہے۔
شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی بھی نواز شریف ہیں،ہر کارکن نواز شریف ہے کس کس نواز شریف کو روکو گے، نواز شریف نے اپنی خواتین ممبران اسمبلی کو جو عزت دی اس کا جواب انہوں نے آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپنے لیڈر کی تصویر کو اپنے سینوں پر سجا کر دیاہے ۔سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے تحریک انصاف کی خاتون ایم این اے عائشہ گلالئی کی جانب سے چیئرمین عمران خان اور کارکنان پر الزامات پررہنماء مسلم لیگ (ن) مریم نواز شریف کا کہنا تھا نواز شریف نے اپنی پارٹی میں خواتین کو بہت عزت دی ہے، انہوں نے چند تصاویر بھی اپ لوڈ کی ہیں جن میں خواتین ممبران اسمبلی سابق وزیر اعظم کی تصاویر اسمبلی اجلاس کے دوران اٹھائے ہوئے ہیں، مریم نواز نے ٹوئٹ میں بغیر نام لئے تحریک انصاف کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے، مریم نواز کا کہنا تھا نواز شریف نے اپنی خواتین ممبران اسمبلی کو جو عزت دی اس کا جواب انہوں نے اپنے لیڈر کی تصویر کو اپنے سینوں پر سجا کر دیا۔
مریم نواز شریف

مزید :

صفحہ اول -