سپیشل ایجوکیشن کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے، رانا محمد ارشد

سپیشل ایجوکیشن کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے، رانا محمد ارشد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبر نگار)حکومت پنجاب سپیشل ایجوکیشن کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور سپیشل طلبہ و طالبات کو صحت مند ماحول میں تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں فنی تعلیم فراہم کررہی ہے تاکہ وہ معاشرہ میں باعزت روزگارحاصل کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار مشیر وزیر اعلیٰ رانا محمد ارشد نے اپنے دفتر میں آئے ہوئے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سپیشل بچوں کوسپیشل اداروں میں زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے انرولمنٹ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل افراد کی بحالی اور انہیں ہنر مند بنانے کے لیے بہتر ماحول میں تعلیم دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہاول پور صدر کے علاقہ میں سپیشل ایجوکیشن سنٹر کی عمارت کی تعمیر کا کام جاری ہے جس کا تخمینہ لاگت6 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد ہے جون 2016ء میں4 کروڑ24 لاکھ 68ہزا روپے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن کالج خان پور ضلع رحیم یارخاں کی عمارت کی تعمیر کا تخمینہ لاگت ایک کروڑ75 لاکھ روپے ہے۔ مالی سال2016-17ء میں ایک کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ سپیشل تعلیمی اداروں میں کمپیوٹراور فرنیچر کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سپیشل طلبا و طالبات کی تعلیمی استعداد کار میں اضافہ کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ضلع اور تحصیل سطح پر سپیشل ایجوکیشن مراکز قائم کیے جارہے ہیں تاکہ سپیشل افراد بہتر ماحول میں تعلیم حاصل کرسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ سپیشل تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے جس کے تحت پرائمری سطح کے سپیشل انسٹی ٹیوٹ مڈل اور مڈل سطح کے انسٹی ٹیوٹ سیکنڈری سطح پر اپ گریڈ کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپیشل طلبہ و طالبات کو800 روپے ماہانہ وظیفہ، مفت بریل اور ٹیکسٹ بک کی فراہمی کے ساتھ ساتھ میرٹ سکالر شپ اور ہاسٹل کی سہولیات دی گئی ہیں