صرف 15 منٹ میں موبائل کی بیٹری مکمل چارج، چارجر متعارف کرا دیا گیا

صرف 15 منٹ میں موبائل کی بیٹری مکمل چارج، چارجر متعارف کرا دیا گیا
صرف 15 منٹ میں موبائل کی بیٹری مکمل چارج، چارجر متعارف کرا دیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بارسلونا (مانیٹرنگ ڈیسک) سمارٹ فونز جتنا زیادہ استعمال ہوتا ہے اس کی بیٹری بھی اتنی تیزی سے ختم ہوتی ہے اور پھر اسے چارج کرنے کیلئے کئی گھنٹوں کا انتظار کرنا پڑتا ہے لیکن ایک چینی کمپنی نے یہ مسئلہ کر دیا ہے اور ایک ایسا چارجر متعارف کرا دیا ہے جو صرف 15 منٹ میں بیٹری کو مکمل طور پر چار ج کر دے گا اور اس ٹیکنالوجی کو اپنے سمارٹ فون کے اگلے ماڈل میں متعارف کرانے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چینی موبائل کمپنی ”Oppo“ نے بارسلونا میں منعقدہ موبائل ورلڈ کانفرنس میں اس نئی ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا ہے جسے ”Super VOOC Flash Charge“ کا نام دیا گیا ہے۔کمپنی نے اسے دنیا کا سب سے تیز چارجرقرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ پہلے سے زیر استعمال ٹیکنالوجی ”ووک فلیش چارج“ کا بہتر ورژن ہے جو 2500 ایم اے ایچ بیٹری کو چارج کرنے کیلئے بنایا گیا ہے۔ اس چارجر کے ساتھ مائیکرو یو ایس بی اور یو ایس بی ٹائپ سی دونوں کے ذریعے ہی موبائل کو چارج کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین نے اسے سمارٹ فونز کی بیٹری اور چارجر ٹیکنالوجی میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے کیونکہ ایپل کا آئی فون 6S مکمل چارج ہونے کیلئے تقریباً 2 گھنٹے کا وقت لیتا ہے جو بہت زیادہ ہے اور اسی طرح مارکیٹ میں موجود دیگر مہنگے سمارٹ فونز بھی چارج ہونے کیلئے گھنٹوں میں وقت لیتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی کچھ اس طرح بنائی گئی ہے کہ یہ موبائل کے ہارڈوئیر، بیٹری، اور سافٹ وئیر میں موجود کنٹرول سسٹم کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے اور اس طرح موبائل کی بیٹری کو محض 15 منٹ میں پوری طرح چارج کر دیتی ہے۔ اس چارجر میں کم وولٹیج پلس چارجنگ ایلگورتھم کا استعمال کیا گیا ہے تاکہ تیز ترین چارجنگ کیساتھ ساتھ صارفین کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ کمپنی نے مزید کہا کہ یہ ٹیکنالوجی چارجر، بیٹری، ہارڈوئیر اور سافٹ وئیر کے ملاپ کیساتھ کام کرتی ہے اس لئے مارکیٹ میں موجود دیگر چارجر اس فیچر کو استعمال نہیں کر سکیں گے اور موبائل کو 15 منٹ میں مکمل چارج کرنے کیلئے اس فیچر کا حامل موبائل فون اور اس کے ساتھ مذکورہ چارجر کا ہونا لازمی ہے۔