پاک، افریقہ ون ڈے سیریز: پاکستان نے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو6 وکٹوں سے شکست دے دی، سیریز 1-1 سے برابر

پاک، افریقہ ون ڈے سیریز: پاکستان نے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو6 وکٹوں سے ...
 پاک، افریقہ ون ڈے سیریز: پاکستان نے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو6 وکٹوں سے شکست دے دی، سیریز 1-1 سے برابر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سینچورین (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک، افریقہ ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ سپر سپورٹس پارک سینچورین میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 43.2 اوورز میں 191 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ بارش کے باعث 44 اوورز تک محدود کئے گئے میچ میں پاکستان کو 192 رنز کا ہدف ملا جو 40 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ۔ پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیرئیر کی 21 ویں نصف سینچری مکمل کی۔ انہوں نے تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 75 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔شعیب ملک نے کپتان مصباح الحق کا بھرپور ساتھ دیا اور جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 38 گیندوں پر 35 رنز بنائے۔ اوپنر بلے باز ناصر جمشید نے 10، محمد حفیظ 31، کامران اکمل 18 اور یونس خان نے 32 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے پیٹرسن نے 2 جبکہ میکلارن اور سٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے پہلے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر ناصر جمشید تھے جنہوں نے 10 رنز سکور کئے اور 29 کے مجموعی سکور پر میکلارن کی گیند پر گریم سمتھ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ دوسری وکٹ 63 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد حفیظ 31 رنز بنا کر ایبوٹ کی گیند پر سٹین کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ مجموعی سکور میں صرف 6 رنز کے اضافے کے بعد ہی کامران اکمل بھی 18 رنز بنا کر پیٹرسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ چوتھے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی یونس خان تھے جو 115 کے مجموعی سکور پر 32 رنز بنا کر پیٹرسن کی گیند پر ہاشم آملہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز بلے باز پاکستانی باﺅلرز کی طوفانی باﺅلنگ کا سامنا نہ کر سکے اور صرف 62 کے مجموعی سکور پر پانچ بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے بہار دین 58 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ ہاشم آملہ 17، گریم سمتھ 10، اے بی ڈویلیئرز 4 ، ڈوپلیسس 17، میکلارن 17، ایبوٹ 5 جبکہ سٹین اور انگرام کوئی سکور بنائے بغیر ہی آﺅٹ ہو گئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا اور سات اوورز میں 33 رنز کے عوض 4 کھلاڑی آﺅٹ کئے۔ محمد حفیظ نے 2، جنید خان اور سعید اجمل نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ بارش کے باعث میچ کچھ دیر کے لئے روکنا پڑا تاہم بارش کے رکنے کے بعد میچ کو 44 اوورز تک مختصر کر دیا گیا ۔

مزید :

کھیل -