پنجاب میں حکومت بنانے کی پوری کوشش کرینگے ، نہ بنا سکے تو اپوزیشن میں بیٹھیں گے : شہباز شریف

پنجاب میں حکومت بنانے کی پوری کوشش کرینگے ، نہ بنا سکے تو اپوزیشن میں بیٹھیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام رکاوٹوں اور سازشوں کے باوجود مسلم لیگ (ن) عام انتخابات میں بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے ،پنجاب میں حکومت بنانے کی پوری کوشش کریں گے ،حکومت نہ بنا سکے تو بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے ، اراکین ثابت قدم رہیں کسی کے جھانسے میں نہ آئیں ، اراکین اپنی توجہ اگلے انتخابات پر مرکوز رکھیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پارٹی کے نو منتخب اراکین پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شہباز شریف نے تمام اراکین سے ان کی نشستوں پر جا کر ملاقات کی اور انہیں کامیابی پر مبارکباد دی ۔ اس موقع پر سردار ایاز صادق، حمزہ شہباز، رانا ثنا اللہ خان، رانا محمد اقبال ، ملک ندیم کامران سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں پنجاب میں حکومت بنانے اور اپوزیشن کا کردار نبھانے کے آپشنز پر بھی غور وخوض کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں لاہور اور قصور سے تعلق رکھنے والے اراکین نے تجویز دی کہ حمزہ شہباز شریف کو پنجاب میں قائد حزب اختلاف نامزد کیا جانا چاہیے ۔شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست کرتی ہے ۔ اللہ نے چاہا تو ہم حکومت بنائیں گے ،اگر ہم اپوزیشن میں بھی بیٹھے تو بھرپور کردار نبھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ لے کر آنے والی جماعت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے دس سال عوام کی خدمت کی ہے ،مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اراکین ثابت قدم رہیں کسی کے جھانسے میں نہ آئیں ،مسلم لیگ (ن) کے اراکین اپنی توجہ اگلے الیکشن پر مرکوز رکھیں ،جو پارٹی چھوڑ کر گئے ہیں ان کا مستقبل تاریک ہے ۔شہباز شریف نے کہا کہ اراکین اسمبلی نے مشکل حالات میں بھی نوازشریف کی لیڈر شپ میں کامیابی حاصل کی ہے ،انتہائی ناسازگار اورمشکل حالات میں آپ جیت کر آئے ہیں جس پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ موجودہ الیکشن متنازعہ ترین الیکشن تھا،جب ایوان سجے گا تو ہر کرسی سے دھاندلی کی آواز آئے گی۔الیکشن میں ڈالے جانیوالے ڈاکے کو قوم کے سامنے بے نقاب کریں گے۔ مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حمزہ شہباز نے کہا کہ نوازشریف کی عظم قربانی کو قوم دیکھ رہی ہے ، پنجاب کے عوام نے صوبے میں ہمیں کو دیا ہے اور ہم آخری دن تک پنجاب میں حکومت سازی کی بھرپور کوشش کریں گے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ دھاندلی زدہ الیکشن کے باوجود مسلم لیگ ن جیتی ہے ، پاکستان کوشدید چیلنجز کا سامنا ہے ، خدا کے لئے پاکستان پر رحم کریں،موجودہ الیکشن متنازعہ ترین الیکشن تھا،جب ایوان سجے گا تو ہر کرسی سے دھاندلی کی آواز آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوٹوں کی بوریاں کھول کر آج ایک شخص لوگوں کو خریدنے کی کوشش کررہاہے ،الیکشن کے بعد پاکستان میں استحکام آنا چاہئے، الیکشن میں ڈالے جانیوالے ڈاکے کو قوم کے سامنے بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلے کے بعد لوگ ملک چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں لیکن نوازشریف اپنی بیٹی کے ساتھ وطن واپس آئے۔اس موقع پررانا ثناء4 اللہ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کوفوری طور پر عوام کے درمیان ہونا چاہئے اور ان کی قید و بند کی صعوبتیں ختم کی جائیں، پارلیمانی پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ جمہوری اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کو پنجاب میں حکومت سازی کاحق دیا جائے ، اس حوالے سے کسی طور پر بھی حکومت سازی کے حق سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے 130میں سے 121ارکان نے اجلاس میں شرکت کی ہے اور جو 9ارکان نہیں آئے وہ دوبارہ گنتی اور دیگر مقامات پر مصروف تھے۔انہوں نے کہا کہ جن کو بنی گالا میں جاکر پٹہ ڈالا جارہاہے،اس لئے یہ بھی معلوم کرلیا جائے کہ ان میں سے کتنے ہیں جو تحریک انصا ف کے حلف نامے پر دستخط کررہے ہیں؟

مزید :

صفحہ اول -