چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے حوالے سے ایم او یو کی تقریب
لاہور (سپورٹس رپورٹر) چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے حوالے سے یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور بنک آف پنجاب کے درمیان ایم او یو پر ستخط کی تقریب کا انعقادکیا گیا ہے، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جمعۃ المبارک کے روز ہونیوالی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیرکھیل وامورنوجوانان پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر تھے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال اور ڈی جی سپورٹس پنجاب پرویز اقبال نے بھی تقریب میں شرکت کی ہے، مفاہمت کی یادداشت پر ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس میاں عثمان علی اور جی ایم بنک آف پنجاب نوفل داؤد نے دستخط کیے ہیں۔
صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف منسٹر پنجاب انٹرن شپ پروگرام سے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کی مدد کی جائے گی،ہمارا مقصد نوجوانوں کو ملکی ترقی کیلئے اپنے پاؤں پر کھڑا کرناہے،چیف منسٹر انٹرشپ پروگرام میں ہزاروں نوجوانوں کو25ہزار روپے ہرماہ دیئے جائیں گے، انٹرن شپ پروگرام میں یونیورسٹیزکے گریجوایٹس نوجوانوں کی بڑی تعداد نے درخواستیں دیں،جن میں سے 12ہزار درخواستیں منظورہو چکی ہیں،صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا ہے کہ چیف منسٹر پنجاب انٹرن شپ پروگرام کیلئے جن گریجویٹس کی درخواستیں منظور ہوئی ہے ان کی ڈگریوں کی تصدیق باقاعدہ ہائرایجوکیشن کمیشن نے کی ہے، چیف منسٹر پنجاب انٹرن شپ پروگرام کیلئے55ہزار گریجویٹ نے ہماری ویب سائٹ کا وزٹ کیا ہے۔
سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال نے چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام بارے بریفنگ دی ہے، اس موقع پرڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف،ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم، بنک آف پنجاب کے جنرل منیجر نوفل داؤد، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی احمد اسلام، پی ڈی پی ایم یو قیصر رضا اور چیمبرآف کامرس سے آمنہ رندھاوا نے بھی شرکت کی ہے