عامرخان نے بیٹے جنید کو بڑی ذمہ داری دیدی
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن)بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنے بیٹے جنید خان کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری ڈال دی۔
جنید خان نے فلم مہاراج سے اپنے اداکاری کے کیریئر کی شروعات کی ہے اور فلم میں انکی پرفارمنس کو خواب سراہا بھی گیا۔ یہی وجہ ہے کہ عامر خان نے اپنے گھر پر بیٹے کی خوشی مناتے ہوئے ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا تھا۔
اداکار جنید خان نے اب اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ والد اپنے ریٹائرمنٹ کے فیز میں ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ میں عامر خان پروڈکشن کی باگ ڈور سنبھالوں۔
انٹرویو کے دوران جب جنید خان سے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ہی پروڈکشن کے کام میں جانے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ’’جی یہ میرا فیصلہ ہے۔ میں فلم سیٹ پر رہا ہوں اور فلم ’پی کے‘ کے سیٹ پر کیمرے کے پیچھے موجود تھا جبکہ میں نے اشتہارات کے شوٹ میں معاونت کا بھی کام کیا ہے۔‘‘
جنید خان کا کہنا تھا کہ فلم مہاراج کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد عامر خان پروڈکشن کی جانب سے ہم ایک فلم کےلیے کام کر رہے تھے۔ اس موقع پر کرن راؤ لاپتہ لیڈیز میں مصروف تھیں اور والد تو جیسے اپنے ریٹائرمنٹ کے دور میں داخل ہوچکے ہیں، حتیٰ کہ انہوں نے مجھ سے اس بات کا اظہار بھی کیا۔
نوجوان اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں (عامر خان) نے مجھ سے کہا کہ ’میں ریٹائر ہو رہا ہوں، کیوں نہ تم یہ سب سنبھالو۔‘ لہٰذا یہ وہ لمحہ تھا جب میں نے پروڈکشن میں آنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ مجھے پروڈکشن کے بارے میں اچھی معلومات ہیں، یہ ممکنہ طور پر فلم سازی میں مشکل ترین کاموں میں سے ایک ہے۔