وزیراعظم کا 5 اگست کو کشمیریوں سے یک جہتی کے اظہار کے لئے مظفرآباد جانے کا امکان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ’یوم استحصال‘ کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 5 اگست کو یوم استحصال کشمیریوں کے آزادی کے حق کی حمایت کے طور پر منایا جائے گا۔ کشمیر کے تنازعے ، کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی وعدہ خلافیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پاکستانی اور کشمیری قیادت کی مشترکہ مرکزی تقریب کے انعقاد کی بھی منظوری دی گئی۔ جب کہ 5 اگست کو کشمیریوں سے یک جہتی کے اظہار کے لئے وزیراعظم کا مظفرآباد جانے کا بھی امکان ہے۔ شہباز شریف 5 اگست 2019 کے یک طرفہ اور غیرقانونی بھارتی اقدامات کی بھرپور مذمت کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف ”یوم استحصال“ پر اہم پالیسی بیان بھی دیں گے، یوم استحصال پر وفاق اور صوبوں می خصوصی واک اور تقاریب ہوں گی، تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے خصوصی نشریات چلائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا تھا۔