کے پی پولیس مثالی فورس ہے ، محمد عاصم خان

کے پی پولیس مثالی فورس ہے ، محمد عاصم خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر)ضلع ناظم پشاور محمدعاصم خان نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانی اور لوگوں کے مسائل حل کرکے ملک کی مثالی پولیس بن گئی ہیں، بلدیاتی نمائندے عوام اور پولیس کے درمیان پل کا کردار اداکرکے منشیات، جرائم اور دیگر مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع ناظم محمد عاصم خان نے تھانہ گلبہار میں ایس پی سٹی شفیع اللہ گنڈاپور اور ڈسٹرکٹ ، ٹاؤنز اور نیبرہڈکونسل ناظمین کے منعقد اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ ضلع ناظم نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے پولیس میں میرٹ کا کلچر متعارف کرواکرمثال قائم کردی ہے اورمنتخب نمائندے بھی غلط کام کرنے والوں کی سفارش نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پشاور شہر کی خدمت اولین ترجیح ہے اور پولیس وبلدیاتی نمائندوں کے درمیان باہمی رابطے موثرکرکے جرائم، منشیات اور دیگر مسائل پر قابو پانے میں کردار اداکرینگے۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کے تعاون سے جرائم پیشہ افراد کا قلم قلع کرینگے اور تھانوں کی سطح پر ڈی آرسی کی باقاعدہ ماہانہ اجلاس منعقد کرکے علاقوں کے مسائل حل کرے۔ اس موقع پر ایس پی سٹی شفیع اللہ گنڈا پور نے کہاکہ پولیس عوام کے خادم ہے جبکہ منتخب لوگ عوامی نمائندے ہیں جس کے تعاون اور مدد سے نئے سال کا افتتاح نئے عزم کے ساتھ کرینگے۔انہوں نے کہاکہ منتخب نمائندے پولیس کی کوتاہیوں کی نشاندہی کرے ،جرائم پیشہ افراد کی سفارش نہ کرے اورعوام کی پولیس پر اعتماد بڑھانے میں بلدیاتی نمائندے کردار اداکریں۔اس موقع پر ٹاؤن ون ناظم زاہد ندیم نے ایس پی سٹی سے بلدیاتی نمائندوں سے علاقائی مسائل کے حل میں تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ڈسٹرکٹ ممبر میناخان آفریدی، رحمان افضل، اخترگل، گل زادہ،مبشرمنظور، تقدیرعلی، ارشد نایاب اور ٹاؤن ممبرعرفان سلیم، کشورزمان خٹک، ولی محمد مہمند اور ناظم ندیم اتماخیل نے اپنے اپنے علاقائی مسائل ایس پی سٹی کو آگاہ کیا جبکہ جواء، منشیات اور جرائم کی روک تھام میں پولیس کے ساتھ تعاون اور نشاندہی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہیں، منتخب بلدیاتی نمائندوں نے امن وامان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیاہے۔ ضلعی حکومت ، پولیس اور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے جرائم کے خاتمے کے لئے ایکا کرتے ہوئے باہمی رابطے مزید موثر بنانے پر اکتفاکیا۔اجلاس کے آخر میں ایس پی سٹی نے ضلع ناظم کو شیلڈ بھی پیش کیا ۔