اہل لاہور کے لئے صاف پانی، اچھی خبر، مبارک باد 

  اہل لاہور کے لئے صاف پانی، اچھی خبر، مبارک باد 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چند روز قبل موجودہ سیاسی کشیدگی اور کشمکش کے حالات میں اہل لاہور کے لئے یہ خوش کن خبر پڑھنے میں آئی ہے کہ موجودہ ایم ڈی واسا نے یہ اعلان کیا ہے کہ اس مرتبہ محکمے میں انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں اور کیونکہ تمام نالوں کی صفائی کر دی گئی ہے لاہور اور اس کے گلی کوچے سردست مستقبل قریب میں برساتی پانی میں نہیں ڈوبیں گے۔ رمضان المبارک کے دوران مقامی شہریوں کو کراچی، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مقابلے میں 100 فیصد زیادہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈی واسا لاہور انجینئر محمد تنویر نے روزنامہ ”پاکستان“ کو دیئے گئے اپنے حالیہ ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس بارے میں کام عہدہ سنبھالتے ہی شروع کر دیا گیا تھا اور مختلف اوقات میں لوڈشیڈنگ کے باوجود لوگوں کو ان کی ضروریات سے زیادہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دعویٰ سے کیا کہ واسا کا پانی حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق ہے، یہ پانی گیسٹرو یا نظام ہضم کی خرابی کا باعث نہیں بنتا  اس میں آرسینک یعنی سنکھیا کا نہایت ہی تیز زہر موجود نہیں ہے، بلکہ یہ پانی بوتل کے پانی سے 100 درجہ بہتر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پانی کا معیار جانچنے کے لئے شہر کے مختلف حصوں میں پانی کا تجربہ کرتے رہتے ہیں۔ کہیں سے کوئی شکایت آنے پر فوری طور پر اس کا ازالہ کر دیا جاتا ہے۔


 انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ مون سون کے 15 جون کے آغاز سے قبل ہی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور مون سون کے دوران واسا میں ایمرجنسی یعنی ہنگامی حالات کا نفاذ ہوگا۔ نشیبی علاقوں میں واسا کے مراکز مستقل طور پر قائم کئے جائیں گے۔ جہاں پر عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود ہوگا۔ انجینئر محمد تنویر نے کہا کہ مون سون کے دوران عملے کی چھٹیاں منسوخ ہوں گی۔ ان کے دفتر میں مرکزی شکایات سیل قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ واسا کو اب ڈھکنے کھولنے کے حالات سے باہر نکال لیا گیا ہے۔ نیز یہ ادارہ اب باقاعدہ پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ اس کے تحت میگا پراجیکٹس پر کام ہو رہا ہے۔ شکایات کو ختم کرنے کا دورانیہ 3 دن سے کم کر کے 24 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔ اگر کوئی اہلکار کوتاہی یا غفلت کرے گا تو اس کے ذمہ دار ایکسین اور ایس ڈی او ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ کام چوری کی عادت کا خاتمہ کر دیا ہے۔ وہ خود نظام کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے مختلف مقامات پر اچانک حالات کی خبر گیری کرتے ہیں۔ اس بنا پر ملازمین کی غیر حاضری اور عدم موجودگی کی عادت بہت کم ہو گئی ہے۔ بہتر کارکردگی دکھانے والے افسروں اور اہل کاروں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ وہ ادارے کے لئے باعث فخر ہیں اور جو ملازمین اپنی ذمہ داری سے راہ فرار اختیار کریں ان کی محکمے میں کوئی جگہ اور ضرورت نہیں ہے۔ قارئین کرام مذکورہ بالا حقائق اہل لاہور کیلئے ایک بڑی خوش خبری ہے۔ اس پر ان کو مبارکباد امید ہے کہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی واسا لاہور کے اچھے اور عوامی مفاد پر مبنی منصوبوں کی عملی کارکردگی کا جلدآغاز کر دیا جائے گا۔

مزید :

رائے -کالم -