سانحہ گڈانی کے متاثرین کی ہر ممکن امداد اور غفلت کے مرتکب افراد کو ہر گز معاف نہیں کیا جائیگا:وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری

لسبیلہ(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ سانحہ گڈانی کے متاثرین کی صوبائی حکومت ہر ممکن امداد کریگی اور لواحقین کو یقین دلاتے ہیں کہ اس سانحہ میں جو بھی غفلت کے مرتب پائے گئے انہیں ہر گز معاف نہیں کیا جائیگا ،لواحقین کو انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہم اپنے ضمیراور اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہیں۔
دورہ گڈانی کے بعد لیڈا ریسٹ ہاؤس حب میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آئین وقانون کے پابند ہیں ،کسی صنعتکار اور سرکاری افسر کو قواعد وضوابط کیخلاف ورزی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی ، سانحہ گڈانی کے حوالے سے صوبائی حکومت کے علاوہ وفاقی حکومت نے بھی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی ہے اور آج چیف سیکرٹری کے ہمراہ دورے کا مقصد حقائق سے آگاہی حاصل کرنا تھا ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈمیں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے ورثاء کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں انصاف کی فراہمی تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ18ویں آئینی ترمیم کے بعد شپ بریکنگ یارڈ میں صنعتکاری کے شعبے سے وابستہ اس بات کے پابند ہیں کہ (CSR) کے تحت وہ کمیونٹی ویلفیئر کے حوالے سے اسکول ،واٹر سپلائی ،ہسپتال ،بجلی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی لئے اپنے شرح منافع سے 15فیصد مقامی لوگوں کی فلاح وبہبود پر خرچ کریں، بیرون ممالک بیٹھ کر صنعتکار اربوں روپے کماتے ہیں لیکن سوشل سیکٹر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے روگردانی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ سانحہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کی تحقیقات مکمل ہونے تک شپ بریکنگ میں بحری جہازوں کی کٹائی پر پابندی لگادی ہے، ریسکیو آپریشن کی فوری تکمیل کے لئے ESFOAMکی خریداری اور مشینری کے ذریعے ریسکیو آپریشن کو مکمل کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر کو احکامات جاری کردئیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سانحہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں آتشزدگی کے 58زخمیوں کو کراچی کے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، گڈانی کے ماہیگیر اور مزدوروں کے بچے لاوارث نہیں ہیں، انکے بنیادی حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اور ہم انشاء اللہ اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی نہیں کریں گے۔