پیپلز پارٹی وزیر اعظم کے استعفیٰ اور پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے مطالبے پر قائم ہے:سعید غنی
بدین(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وزیر اعظم کے استعفیٰ اور پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے مطالبے پر قائم ہے لیکن ایسے اقدام کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے ملک میں جمہورت کو نقصان پہنچے اور غیر جمہوری طاقتوں کو اقتدار پر قبضہ کرنے کا موقع ملے،مولانا صاحب جومطالبات پیش کررہے ہیں اس کے حوالے سے پارٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائیگا۔
میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئےسعید غنی نے مزید کہا کہ موجودہ پی ٹی آئی حکومت ملک اور قوم پر بوجھ ہے، مہنگائی کے طوفان نے عوام کی قوت خرید کو ختم کردیا ہے اور ملک کی معشیت کو تباہی کے دہانے پر رکھ دیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ وفاقی حکومت کی غلط خارجہ پالیسی کے باعث کشمیر کے معاملے پر پاکستان عالمی طور پر مکمل حمایت نہ مل سکی ہے انہوں نے کہا کہ وفاق میں پی ٹی آئی کی سندھ دشمن حکومت کے تعصب اور رویے کے باعث صوبے میں ترقیاتی منصوبے التوا کا شکار ہو رہے ہیں، سندھ کو اپنے جائز حصہ کے مطابق گذشتہ سال 93ارب اور اس مالی سال کے تین ماہ میں 50ارب کم دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے حکومت سندھ کو مالی مشکلات کا سامنا ہے ۔