مریم نواز سیاسی مخالف ضرور ہیں لیکن بزدار سے کوئی موازنہ نہیں: شیر افضل مروت

کراچی(آئی این پی) رکن قومی اسمبلی شیر افضل خان مروت نے کہا ہے کہ مریم نواز سیاسی مخالف ضرور ہیں لیکن بزدار سے کوئی موازنہ نہیں،بانی پی ٹی آئی مجھے پارٹی چھوڑنے کا خود کہتے تو چھوڑ دیتا۔
تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی شیر افضل خان مروت نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میں میری فیورٹ ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ ہے۔شیر افضل کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی خواہش پر میں سیاست میں آیا، بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے مجھے شہرت ملی ہے، بانی پی ٹی آئی اور میرے درمیان معاملات خراب نہیں ہیں، مجھے پتا ہے کس طرح بانی پی ٹی آئی کے کانوں میں باتیں ڈالی جاتی ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماں کی بانی سے ملاقاتیں ہی میری وجہ سے شروع ہوئیں، چغل خوری اور حسد نے پارٹی کونقصان دیا ہے۔رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ 9مئی کادن آنیوالاہے پارٹی کی طرف سے کوئی ہدایات نہیں، میں اب بھی پی ٹی آئی کاکارکن ہوں، 2024الیکشن کی اصل فاتح پی ٹی آئی ہے اور 2018الیکشن کی فاتح بھی پی ٹی آئی تھی۔پارٹی سے نکالنے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ جنہوں نے مجھے پارٹی سے نکالا ان کو شرمسارہونا چاہیے، مجھے پارٹی سے بانی ٹی آئی نے نہیں نکالا۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل خان مروت نے فیصل واوڈا کو مونچھیں رکھنے کا مشورہ دے دیا۔
مریم نواز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز سیاسی مخالف ضرور ہیں لیکن بزدار سے کوئی موازنہ نہیں، میں اپنے قبیلے کا سردارہوں، میرے بزرگ سیاست میں رہے ہیں، میں پی ٹی آئی پلیٹ فارم سے پہلے کبھی الیکشن نہیں لڑا، میں نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق کوئی غلط بیانی نہیں کی، وہ مجھے چھوڑنے کا خود کہتے تو پارٹی چھوڑ دیتا۔