کامیاب نوجوان پروگرام، میں دیے جانیوالے قرض سودی ہیں،مفتی مصباح اللہ

          کامیاب نوجوان پروگرام، میں دیے جانیوالے قرض سودی ہیں،مفتی مصباح ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(این این آئی)کامیاب نوجوان پروگرام میں دیے جانے والے قرضے سودی ہیں۔وزیراعظم پاکستان نوجوانوں کے لئے غیر سودی حلال قرضوں کے اجراء کا پروگرام دیں،اسلامک فقہ اکیڈمی پاکستان کے فتویٰ کونسل کا اجلاس مفتی مصباح اللہ صابرڈائریکٹر اسلامک فقہ اکیڈمی کی سربراہی میں ہوا۔اجلاس میں مفتی حمزہ سمیع، مفتی نعمان الحق صدیقی،مفتی محمد بلال صدیقی، مفتی سعد ابو سعید، ڈاکٹر نسیم سرور، مولانا افضل،مولانا محمد یعقوب، مولانا محمد عالم، مولانا عبد الحمید،مولانا محمد اظہر، مولانا آدم سمیع اورمولانا نور حبیب نے بھی شرکت کی۔جس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے نوجوانوں کے لئے جاری کردہ لون اسکیم کا شرعی اور فقہی جائزہ لیا گیا۔فتویٰ کونسل نے متفقہ طور پر وزیر اعظم پاکستان کے لون اسکیم کو ناجائز اور سود ی قرضے قرار دیا ہے جو کہ قرآن وحدیث کے رو سے حرام ہیں۔فتویٰ کونسل میں متفقہ قرارداد بھی پیش کی گئی۔قرار دار میں کہا گیا کہ وزیر اعظم پاکستان کا نوجوانوں کے لئے متعلقہ بینکوں سے جاری کردہ قرضہ اسکیم سودی ہونے کی وجہ سے حرام ہے اور یہ ایک اسلامی ریاست میں سودی نظام کو تقویت کا ذریعہ ہے۔قوم کو حرام نہیں حلال سرمایہ کی ضرورت ہے جو کہ آئیں پاکستان کی رو سے ان کااولین حق ہے۔قراداد میں مزید کہا گیا کہ اسلامی مالیاتی ادارں اور غیر سودی بینکوں کو چاہئے کہ ایسی ناجائز اور حرام اسکیموں کے متبادل کے طور پر وہ معاشرے کے ہر عمرکے افراد اور ضرورتمندوں کے لئے آسان قرضوں کی اسکیمیں جاری کرے تاکہ اسلامی معاشی نظام کی راہ ہموار ہوسکے۔قراراداد میں کہا گیا کہ غیر سودی بینکوں اوراسلامی مالیاتی اداروں کے لئے لمحہ فکرہے کہ وہ قوم کے نوجوانوں کے لئے اب تک ایسی آسان اسکیموں کا اجراء نہیں کرسکی ہیں۔
مفتی مصباح اللہ