بلوچستان حکومت کسی بھی حلقے میں سیاسی مداخلت پر یقین نہیں رکھتی:وزیر اعلیٰ جام کمال

بلوچستان حکومت کسی بھی حلقے میں سیاسی مداخلت پر یقین نہیں رکھتی:وزیر اعلیٰ ...
بلوچستان حکومت کسی بھی حلقے میں سیاسی مداخلت پر یقین نہیں رکھتی:وزیر اعلیٰ جام کمال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے صوبائی حکومت کسی بھی حلقے میں سیاسی مداخلت پر یقین نہیں رکھتی، حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے کے تمام حلقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام ہوں اور عوام تک ان کے ثمرات پہنچیں، حکومت اور اپوزیشن کے اراکین یکساں اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ انہیں عوام نے منتخب کرکے اپنی نمائندگی کا حق دیا ہے۔

 اپوزیشن کے اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ  ترقیاتی منصوبوں میں تمام علاقوں کو نمائندگی حاصل ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہر محکمے میں غیرجانبدار افسر تعینات کئے جائیں جو کسی سیاسی وابستگی کے بغیر اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ برفباری اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں اور جہاں بھی کمی بیشی ہوئی اسے پورا کیا جائیگا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کرنے والے اپوزیشن اراکین میں ملک نصیرشاہوانی، میر زابد ریکی، میر یونس زہری، مولاناعبدالواحد صدیقی، میراحمد نواز بنگلزئی، اخترحسین لانگو، اصغر ترین شامل تھے جبکہ صوبائی وزراء زمرک خان اچکزئی اور عبدالخالق ہزارہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اپوزیشن اراکین نے وزیراعلیٰ کو اپنے اپنےْ حلقوں کے مسائل خاص طور سے حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی مشکلات سے آگاہ کیا۔