کے پی میں 9مئی والوں کو دو تہائی اکثریت دلائی گئی، ایمل ولی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)رہنما اے این پی ایمل ولی خان نے الزام عائد کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 9 مئی والوں کو دو تہائی اکثریت دلا کر مسلط کردیاگیا،خیبر پختونخوا میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے، جو ہار گئے ان کے پیسے بھی گئے۔
اے این پی رہنما نے مزید کہا کہ ایک امیدوار کے 2 ہزار ووٹ کو چند کروڑ میں 28 ہزار بنا دیا جاتا ہے، حیات آباد سے افغان شہری ممبرقومی اسمبلی منتخب ہوا، جس کا نادرا کا کارڈ بلاک ہے۔پاکستان ایک قوم نہیں بلکہ مختلف اقوام کے مجموعے کا ملک ہے، 1973 کا آئین بتاتا ہے کہ تمام قومیتوں کو ایک سسٹم پر متفق کرکے چلایا جائے۔
ایمل ولی خان نے یہ بھی کہا کہ یہ کیسا جنون ہے جو سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں نہیں، صرف خیبر پختونخوا میں رہ گیا، پوچھتا ہوں 10 سال میں صوبے میں انہوں نے ایسی کیا کارکردگی دکھائی؟