"غذر کے لوگ جتنی ووٹوں کی لیڈ دیں گے یہاں اتنے پل بنادیں گے" جتنی لیڈ، اتنے کروڑ کے بعد علی امین گنڈا پور کا نیا بیان سامنے آگیا
غذر (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے گلگت کے ضلع غذر میں انتخابی جلسے میں مختلف منصوبوں کا اعلان کیا ہے،حلقے کے تمام پل آر سی سی کے تعمیر ہوں گے اور غذر کے لوگ جتنی ووٹوں کی لیڈ دیں گے یہاں اتنے پل بنادیں گے، یہ بنیں گے نہیں، سمجھ لیں بن گئے ہیں۔
وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے غذر کے علاقے اشکومن میں انتخابی جلسے سے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے گلگت بلتستان صوبہ بناکر عوام کی قربانیوں کا صلہ دیا، صوبہ بننے کے بعد گلگت بلتستان کے تمام مسائل حل ہوں گے، اشکومن کو سب ڈویژن کا درجہ دے رہاہوں، چٹورکھنڈ میں 50 بیڈ کا اسپتال تعمیر کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حلقے کے تمام پل آر سی سی کے تعمیر ہوں گے اور غذر کے لوگ جتنی ووٹوں کی لیڈ دیں گے یہاں اتنے پل بنادیں گے، یہ بنیں گے نہیں، سمجھ لیں بن گئے ہیں، گلگت بلتستان کیلئے ایک لاکھ بوری اضافی گندم فراہم کی جائے گی جبکہ ایمت کے مقام سے جی بی اسکاؤٹس کی چوکی کو ہٹایا جاۓ گا۔
یادرہے کہ اس سے قبل گلگت بلتستان کے حلقہ جی بی اے ٹو گلگت میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا فیصلہ 4 ماہ پہلے ہی کرلیا گیا تھا لیکن بلاول چاہتے تھے کہ الیکشن کے بعد اسے صوبہ بنایا جائے، پی ٹی آئی نے یہ تجویز مانی اور صوبے کے قیام پر عملدرآمد کا فیصلہ الیکشن کے بعد تک موخر کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام الیکشن میں جتنے ہزار ووٹوں کی لیڈ دیں گے وہ اتنے ہزار کروڑ روپے انہیں اس علاقے کے لیے دیں گے۔دوسری جانب غذر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ پیسے لے لیں لیکن ووٹ پی پی کو ہی دیں۔