ملکی حالات پر قابو نہ پایا گیا تو عوام کے ہاتھ ہمارے گریبان پر ہوں گے ، خواجہ آصف کا قومی اسمبلی میں خطاب
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت ملک کا وجود خطرے میں ڈال رہی ہے،ملکی حالات پر قابو نہ پایا گیا تو عوام کے ہاتھ ہمارے گریبان پر ہوں گے ۔
ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں خواجہ آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب پس رہا ہے ،مہنگائی بڑھ رہی ہے ،ملک میں بےروزگاری میں اضافہ ہوچکاہے،آج پٹرول کی قیمت کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہے ،حکومت کو عوام کے مفادات عزیز نہیں ہیں ۔
خواجہ آصف نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کی تحقیقات کی رپورٹ پیش کی جائے،یہ ہمیں ڈاکو کہتے ہیں،کیاہمارے دور میں قیمتیں اتنی بڑھی تھیں ، حکومت خفیہ معاہدہ کرتی ہے ، خفیہ معاہدے سے حکومت کے پلے کیا رہ گیا ۔
قومی اسمبلی میں مہنگائی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے احتجاج اور شورشرابہ کیا ، رانا تنویر کی نشاندہی پر ڈپٹی سپیکر نے کورم کی گنتی کا حکم دے دیا۔