ٹل میں پولیس موبائل اور اسلحہ چھیننے والے 14 شرپسند گرفتار

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائیاں کرنے والے عناصر کے خلاف ہنگو اور کرم پولیس نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے ضلع ٹل میں پولیس وین اور اسلحہ چھیننے میں ملوث 14 شرپسندوں کو گرفتار کر لیا۔
روز نامہ امت کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) عباس مجید مروت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شرپسندوں نے دانستہ طور پر ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا اور امن و امان کے مسائل پیدا کئے۔ ان کے مطابق شرپسندوں کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے بھی آپریشن جاری ہے۔
آر پی او عباس مجید مروت نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر حکومتی رٹ اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی پولیس یا کسی اور ریاستی ادارے پر حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔