باپ بیٹے نے پسند کی شادی کرنے والی دو بہنوں کو موت کے گھاٹ اتار ڈالا
وہاڑی (مانیٹرنگ ڈیسک) وہاڑی میں باپ بیٹے نے دیگر رشتہ داروں کے ساتھ مل کر پسند کی شادی کرنے والی دو بہنوں کو موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق وہاڑی کے نواحی گائوں پُل 19ڈبلیو بی کے رہائشی حسین ڈھیڈی نامی شخص کی دو بیٹیوں نے گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کر لی تھی، جنہیں پنچایت کے ذریعے واپس لایا گیا۔
گزشتہ رات حسین ڈھیڈی کے گھر سے فائرنگ کی آواز سن کر نامعلوم شخص نے پولیس کو اطلاع دی اور جب پولیس حسین ڈھیڈی کے گھر پہنچی تو دونوں بہنوں نشاط اور افشاں کی خون میں لت پت لاشیں پڑی تھیں۔پولیس کے مطابق لڑکیوں کو ان کے باپ، حسین ڈھیڈی، بھائی عاصم اور تین رشتہ داروں عدنان، افضل اور ریاض نے قتل کیا اور رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ گھر سے بھاگ کر نشاط نے سعید اور افشاں نے عمیر نامی لڑکوں کے ساتھ شادی کر لی تھی۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے لڑکیوں کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ویہاڑی منتقل کر دی ہیں اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔