مضر صحت گوشت فروخت کرنے پر چکن شاپ سیل ‘ تاجروں کافوڈ اتھارٹی کیخلاف مظاہرہ

مضر صحت گوشت فروخت کرنے پر چکن شاپ سیل ‘ تاجروں کافوڈ اتھارٹی کیخلاف مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان ( سٹاف رپورٹر) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لودھراں میں کارروائی کرتے ہوئے بیکری آئٹمز،مٹھائی کی تیاری میں کھلے رنگوں،کیمیکلز کے استعمال،ورکرز کے میڈیکلز،لائسنس نہ ہونے،حشرات کی بہتا ت پر پیراڈائز سویٹس،خانیوال میں خالد بیکرز اورافضل بیکرزجبکہ مظفرگڑھ میں اللہ بچایا سویٹس کوسربمہر کر دیا۔اسی طرح مظفرگڑھ میں چیکنگ کے دوران مس لیبلنگ،مشروبات کی تیاری میں(بقیہ نمبر36صفحہ7پر )

مضرصحت اجزاء ،زنگ آلود مشینری کے استعمال،زائدالمیعاد فلیورز کی موجودگی ،گندے بد بودار ماحول کی بناء پرعمران جوس یونٹ،امیر جوس یونٹ اورآصف جوس یونٹ کو سیل کیا گیا۔ملتان اوربہاولپور میں کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے،رینسڈ آئل کے استعمال،پراسیسنگ ایریا میں بلیوں،چوہوں کے فضلہ کی موجودگی ، ناقص صفائی پرعلی ہوٹل،اے کے چکن بروسٹ ریسٹورنٹ یونٹ کو سربمہر کیا ۔مزید برآں بہاولنگر میں چیکنگ کے دوران زائدالمیعاد بیوریجز کی موجودگی،ریکارڈ،لائسنس کی عدم دستیابی،ناقص سٹوریج،غیر معیاری انتظامات پر علی ٹریڈرز اورملک جان محمد کریانہ سٹورجبکہ رحیم یار خان میں اسلم جاوید اینڈ کمپنی بیوریج ڈسٹری بیوٹر کو سیل کیا گیا۔ ملتان کی میٹ سیفٹی ٹیم نے سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،ورکرز کے میڈیکل نہ ہونے،مضرصحت گوشت کی فروخت،گندے اور بد بودار ماحول کی بناء پرموسیٰ سجاد چکن شاپ کو سربمہرکردیا۔علاوہ ازیں ملتان،خانیوال ،لودھراں اور بہاولنگر میں چیکنگ کر تے ہو ئے مختلف فوڈ پوائنٹس کو مضر صحت اشیاء کی فروخت اور صفائی کے ناقص انتظامات پر118,000کے جرمانے عائد کیے۔اسی طرح لیہ، راجن پور ، رحیم یار خان اور گردونواح کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس کوفوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر127,500کے جرمانے عائد کیے گئے ۔جنوبی پنجاب میں کارر وائیوں کے دوران بھاری مقدار میں حشرات زدہ مٹھائیاں، زائدالمیعاد اشیائے خورونوش اورمضرصحت خوراک تلف کی گئی ۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چیکنگ کے دوران فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پراصلاحی نوٹسزبھی جاری کیے ہیں ۔ ادھر پولٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا محمد اعجاز، صدر ملک مشتاق، نائب صدرملک اختر،جنرل سیکرٹری ملک اشتیاق،پرانا شجاعباد روڈ چیئرمین صدیق تھہیم ،شیخ سجاد ودیگر پولٹری شاپ والوں نے خواجہ محمد شفیق کی قیادت میں پنجاب فوڈاتھارٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ بلاک کرکے نعرے بازی کی ،اس موقع پر رانا محمد اعجاز،ملک مشتاق،صدیق تھہیم ،ملک اشتیاق نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کے افسروں و اہلکاروں کی جانب سے ناجائز پریشان کیا جاتا ہے اور دکانوں کی صفائی ہونے کے باوجود منتھلی نہ دینے پر دکانوں کو سیل کیا جاتا ہے۔ ہم غریب لوگ ہیں اور محنت کرکے اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی کماتے ہیں ۔ہم لوگ ان کرپٹ افسران کو اپنی حلال کمائی میں سے منتھلی نہیں دے سکتے، اس موقع پر خواجہ محمد شفیق نے مزید کہا کہ تاجروں کے مسائل کو میرٹ پر حل کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں گئے اور تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پراناشجاع آباد روڈ پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے خلاف احتجاج بے بنیاد ہے‘ دراصل عوام کو بیمار اور لاغر مرغیاں بیچنے والوں کے خلاف ایکشن لینے پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔ پرانا شجاع آباد روڈ پر واقع چکن شاپس کو متعدد وارننگ نوٹس اور جرمانے کیے گئے مگر باز نہیں آئے۔ فوڈ سیفٹی ٹیمز نے جب موسیٰ سجاد چکن شاپ کو پانچویں بار چیک کیا تو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کی مدد سے چکن شاپ کو سیل کیا گیا تو صحت دشمن عناصر روڈ پر نکل آئے ہیں۔ پہلے دو نوٹسز پھر دو بار جرمانے کرنے پر بھی مردہ مرغیوں کی فروخت سے باز نہ آئے۔ چکن شاپ کو مردہ پرندوں کے اعضا کی موجودگی، ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹ عدم موجود ہونے پر سیل کیا گیا۔ صفائی کے ناقص انتظامات اور گزشتہ ہدایات پر عمل نہ کیا گیا۔ پنجاب کے عوام کو ایسے تمام صحت دشمن عناصر سے ہر صورت بچایا جائے گا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کسی بھی قسم کی ہٹ دھرمی اور بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔