1500ایکڑ رقبے پر قائد اعظم ا یپرل پارک کا منصوبہ جاری : میاں اسلم اقبال

1500ایکڑ رقبے پر قائد اعظم ا یپرل پارک کا منصوبہ جاری : میاں اسلم اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قائداعظم ایپرل پارک کے منصوبے پر پیش رفت اور بزنس ماڈل کا جائزہ لیاگیا۔ چیئرمین پنجاب انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ، محکمہ صنعت اور پیڈمک کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قائداعظم ایپرل پارک کا منصوبہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کاحامل ہے اور اس منصوبے پر عملدرآمد سے معاشی اور تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ لاہور سے چالیس کلومیٹر کے فاصلے پر 1500ایکڑ رقبے پر قائداعظم ایپرل پارک کا منصوبہ لگایاجا رہا ہے اور اس منصوبے کو چار مرحلوں میں مکمل کیاجائے گا۔صوبائی وزیر نے کہاکہ قائداعظم ایپرل پارک کے منصوبوں میں پہلے ہی بہت تاخیر ہوچکی ہے اب اس میں مزید تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ انڈسٹریل سٹیٹس کی آباد کاری ہماری پالیسی ہے اور خریدے گئے پلاٹوں پر ہرصورت صنعتی یونٹ لگنے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم ایپرل پارک ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور ہمیں اس منصوبے کو پرکشش بنانا ہے تاکہ یہاں جلد سے جلد صنعتیں لگیں۔ انہوں نے کہاکہ صنعت کا پہیہ چلے گا تو تبھی ملک میں خوشحال آئے گی اور ہم کسی صورت صنعت کا پہیہ رکنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ کرپشن سے پاک ترقیاتی منصوبے اور شفافیت کا فروغ ہماری پالیسی ہے اس لئے تمام منصوبوں کو شفاف طریقے سے آگے بڑھایاجائے تاکہ کوئی ان پر انگلی نہ اٹھاسکے۔

مزید :

کامرس -