تھانے میں توڑ پھوڑ کرنے پر3خواجہ سراء اور ان کا ایک ساتھی گرفتار
گجرات(ڈیلی پاکستان آن لائن ) گجرات میں پولیس کے مبینہ تشدد پر خواجہ سراؤں کی جانب سے تھانہ کھاریاں میں توڑ پھوڑ کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی "سما ء"نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ واقعے میں ملوث3 خواجہ سرﺅں اور ان کے ایک ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایف آئی آر میں خواجہ سرا بنٹی، ببلی اور حراسجاد، سجاد علی مرکزی ملزمان نامزد ہیں۔خواجہ سراﺅں کے خلاف پولیس ملازمین کو اغواء، تشدد اور توڑ پھوڑ کے الزام کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پولیس کے مبینہ تشدد پر گجرات میں خواجہ سراءآپے سے باہر ہوگئے اور تھانہ کھاریاں پر دھاوا بول دیا، تھانے میں توڑ پھوڑ اور ملازمین کو گریبانوں سے پکڑ کر گھسیٹتے رہے جبکہ تھانے کا سامان اٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔
کھاریاں میں دوران گشت پولیس نے حرا نامی خواجہ سراء اور اس کے ساتھی مرد کو روک کر تلاشی لی جس پر تلخ کلامی ہوئی اور پولیس اہلکار حرا اور اس کے ساتھی کو تھانہ صدر لے گئے جہاں پر خواجہ سراء اور اس کے ساتھی پر تشدد کیا گیا اور پھر چھوڑ دیا گیا۔