ایسے انتظامات کیے ہیں کہ60 ہزار سکھ یاتری واپسی پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگائیں گے:سردار رمیش سنگھ اروڑہ
ننکانہ صاحب ( ڈیلی پاکستان آن لائن )بابا گرو نانک دیو جی کے 555ویں جنم دن کے سیکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔
انتظامات کی بریفنگ کے دوران صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ بابا گرو نانک کے 555ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے سکھ یاتری 13 تا 16 نومبر ننکانہ صاحب میں ہونگے جس کے بعد یاتری فاروق آباد شیخوپورہ، حسن ابدال، کرتار پور، ایمن آباد اور لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔ دنیا بھر سے 60 ہزار سے زائد سکھ یاتری جنم دن تقریبات میں شرکت کریں گے۔ اس موقع کیلئے ایسے انتظامات کیے ہیں کہ یاتری واپسی پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگائیں گے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مہمان نوازی پاکستانیوں کی پہچان ہے اور اس بار بھی اپنے مہمانوں کی بھرپور مہمان نوازی کریں گے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ننکانہ صاحب کیلئے 20 سال کا ماسٹر پلان بنا رہے ہیں تاکہ دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کیلئے بہترین رہائش و دیگر انتظامات ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گردوارہ جنم استھان میں اضافی کرنسی ایکسچینج اور PCO بوتھ بنائیں جائیں تاکہ سنگت کو سہولت ہو سکے۔