بھارتی فوج کی فائرنگ،لائن آف کنٹرول پر لوگوں نے محفوظ مقاما ت کی طرف نقل مکانی شرو ع کر دی
کوٹلی (مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے بعد لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں کے لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کردی ۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج پچھلے دو روز سے لائن آف کنٹرول پر آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے جس کے بعد بہت سے لوگ محفوظ مقامات کی جانب ہجرت کر چکے ہیں ۔”بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے گھروں میں رہنا مشکل ہو گیا ہے “۔
ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق کنٹرو ل لائن پر بھارتی فوج کی آئے روز فائرنگ او ر عام لوگوں کو نشانہ بنانے کے بعد رہائشیوں نے مال مویشیوں سمیت آزاد جموں و کشمیر کی جانب نقل مکانی شروع کر دی ہے ۔مقامی حکام نے بتایا ہے کہ سماہانی ، درہ شیر خان ، اڑان کیل ، تتہ پانی اور گوئی کے علاقوں میں رہنے والے لوگ بھمبر اور کوٹلی سیکٹر کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں ۔
یادرہے کہ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے بعد پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارت کو جانی ومالی نقصان اٹھانا پڑا، دونوں اطراف سے بیانات کا ایک سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ بھارتی انتہاء پسندوں نے پاکستانی فنکاروں پر بھی انڈسٹری کے دروازے بند کردیئے جبکہ سرحدی علاقوں کے مکینوں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔