کامیابیاں ریاست پاکستان کے عزم،شہداء اور غازیوں کی قربانی کا ثمر ہیں، آرمی چیف
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یومِ دفاع و شُہداء پاکستان کے موقع پر وطنِ عظیم کے تمام بہادر شُہدا اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا یوم دفاع کے حوالے سے مرکزی تقریب سے خطاب میں کہا کہ شہدا کے درجات کی بُلندی کے لئے دعا گو ہوں جن کے مقدس خون نے پاک سر زمین کی مٹی کی آبیاری کی، پاکستان کی عظیم قوم کے جذبوں کو سلام جنہوں نے افواج ِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے شانہ بشانہ طاغوتی قوتوں اور دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، پاکستانی قوم ایک جّر ی اور بہادر قوم ہے،دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ میں قربانیوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے جو دہشتگردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا، انشاء اللہ۔
آرمی چیف کا خطاب میں مزید کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، پاکستان کی غیور عوام بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بہادر لوگوں نے بے مثال قربانیاں دی۔
آرمی چیف نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سورۃ آلِ عمران کی آیت 169کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ؛”اور جو لوگ اللہ کی راہ میں شہید کیے گئے، ہر گز انہیں مردہ نہ سمجھو، وہ زندہ ہیں، اپنے رب کے پاس رزق پاتے ہیں“۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف متحد آواز، پیغامِ پاکستان، مغربی سرحدوں کا باضابطہ انتظام، قبائلی علاقہ جا ت کی صوبہ میں شمولیت، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں معاشی و سماجی ترقی کے اقدامات اہم کامیابیاں ہیں، یہ کامیابیاں ریاستِ پاکستان کے عزم اور شہداء اور غازیوں کی قربانی کا ثمر ہیں۔افواجِ پاکستان اور عوام کا رشتہ، دل کا رشتہ ہے جو پاکستان کے دشمنوں کی شکست کا ضامن ہے، عزمِ استحکام، نیشنل ایکشن پلان کی کڑی ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم میں انتشار، بے یقینی اور مایوسی پھیلانے والے تمام عوامل کو ہم اپنی ذہنی ہم آہنگی کے ساتھ متحد ہو کر شکست دیں گے، قومی یکجہتی کو کمزور کرنے کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہونگے، انشاء اللہ
انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی شہہ پر فساد فی الارض برپا کرنے والوں، ان کی معاونت، جرائم کا جواز اور دفاع پیش کرنے والوں پر آئندہ بھی زمین تنگ رہے گی، فتنہ برپا کرنے والوں کے متعلق خدائے لم یزل کا ارشاد یاد رکھیں کہ ”الفتنہ اکبر من القتل“۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور پاکستانی عوام اپنی سالمیت کا دفاع جانتے ہیں اور کبھی مذموم ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کے رُوشن مستقبل پر کامل یقین پاکستانیت کا ناگزیر حصہ ہے۔
آرمی چیف نے اتحاد اور یگانگت کی صفات اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ”معاشرتی و سماجی معاملات میں اخوت، ہم آہنگی، برداشت اور بُردباری کا مظاہرہ کریں“،مذہبی عدم برداشت سے بالا تر رہ کر آئینِ پاکستان کے مطابق اقلیتوں کے حقو ق کا مکمل تحفظ کریں، سیاسی نقطہ نظر میں اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں، قائد کے رہنما اُصول، ایمان، اتحا د اور تنظیم ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جغرافیائی اہمیت کے علاوہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے، ہمارا اصل اثاثہ عوام، بالخصوص ہماری نوجوان نسل ہے، نوجوان نسل کا ملکی سالمیت و ترقی میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، بھارت کے ناجائز زیرِ قبضہ جموں و کشمیر نہ صرف ملکی، بلکہ خطے اور عالمی سطح کا مسئلہ ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ شُہداء ِ پاکستان کو سلامِ عقیدت جن کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، شہید ہماری پہچان ہیں، شہدا کے لواحقین ہمارا مان ہیں، پاکستانی قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔