ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سستی بجلی وگیس فراہم کی جائے،عابد چوہدری
لاہور(پ ر) ملٹی نیشنل کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو عابد چوہدری نے کہا ہے کہ بجلی وگیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اورلوڈشیڈنگ کے باعث ملک کی درجنوں ٹیکسٹائل ملز بند ہو گئی ہیں، جس کے سبب لاکھوں افراد بے روزگارجبکہ انڈسٹری مالکان مالی مشکلات کا شکارہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عابد چوہدری نے کہاکہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے جامع اور طویل مدتی معاشی پالیسی بنائی جائے اورپالیسی بناتے وقت متعلقہ شعبہ کے اسٹیک ہولڈرز سے ضرور مشاورت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے ٹیکسٹائل سیکٹرکوگیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستنشٰی قراردیکرگیس وبجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ مینوفیکچرزاورتاجرمقامی وعالمی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات مقابلے کی سطح پربرقراررکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ توانائی بحران ختم کیے بغیر ملک کی اقتصادی،صنعتی اورمعاشی ترقی ممکن نہیں ہے لہٰذا حکومت توانائی بحران ختم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرے اورحکومت ملک بھرمیں گیس کے یکساں نرخ مقررکرے کیونکہ مہنگی انرجی اورکئی طرح کے ٹیکسوں کے بعد پیداواری لاگت بڑھ چکی ہے جس کے باعث مقامی انڈسٹری اورصنعتیں مہنگی اشیا تیارکرکے انٹرنیشنل مارکیٹ میں ایکسپورٹ کرنے کی حامل نہیں رہیں۔