محرم الحرام امن و محبت اور اتحاد و یکجہتی کا مہینہ ہے، مفتی نعمان نعیم
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بین الاقوامی دینی درسگاہ جامعہ بنوریہ عالمیہ رئیس ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے کہاہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے، یکم محرم کو حضرت فاروق اعظمؓ کی شہادت اور 10 محرم کو حضرت حسینؓ کی شہادت دین کی محبت اور قربانی کی ایک لازوال مثال ہے۔ حسینی جذبہ اور فاروقی طرز حکمرانی سے ہی ملک کو موجودہ مسائل سے نکالا جا سکتا ہے، حضرت عمر فاروقؓ عدل و انصاف کے علمبردار، سادگی و انکساری کی مثال تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےجامعہ بنوریہ عالمیہ میں علما و ائمہ مساجد کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
رئیس الجامعہ بنوریہ عالمیہ ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے ائمہ مساجد اور خطباء پر زور دیا وہ اپنے بیان و تحریرمیں پیغام پاکستان دستاویز موجود امن و محبت کا پیغام عام کریں اور عوام کو فرقہ واریت سے دور رہنے کی تلقین کریں، محرم اسلامی سال کا پہلا مہینہ مسلمانوں کو ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے جس میں تاریخ بے شمار واقعات رونما ہوئے ہیں۔یکم محرم کو حضرت فاروق اعظمؓ کی شہادت اور 10 محرم کو واقعہ کربلا پیش آیا جس میں حضرت امام حسینؓ و اہل بیتؓ نے دین اسلام کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی، ہمیں ان کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے امن و محبت کا پیغام عام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ محرم کے آتے ہی ملک میں ایک خوف کی فضا ءقائم ہو جاتی ہے کہ محرم کیسے گزرے گا، حکومتیں اپنی جگہ پریشان اور مذہبی طبقات اپنی جگہ پریشان ہو جاتے ہیں، اس لیے حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سیکیورٹی کے ٹھوس انتظامات کریں اور ائمہ مساجد کی ذمہ داری ہے کہ وہ منبرور محراب کے ذریعے اتفاق واتحاد کو فروغ دے کر امت میں حقیقی معنوں میں وحدت پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز مہنگائی، بے روزگاری سمیت کئی معاشی و معاشرتی مسائل سے دوچار ہے، حسینی جذبہ اور فاروقی طرز حکمرانی سے ہی ملک کو موجودہ مسائل سے نکالا جا سکتا ہے، حکمرانوں کو خلیفہ دوم کے اندازِ حکمرانی اور انتظامی امور سے سبق لینا چاہیے۔