جملہ مسائل کا حل اتحاد و یکجہتی میں ہے:ڈاکٹر حسن قادری کا سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب

جملہ مسائل کا حل اتحاد و یکجہتی میں ہے:ڈاکٹر حسن قادری کا سیرت النبیؐ کانفرنس ...
جملہ مسائل کا حل اتحاد و یکجہتی میں ہے:ڈاکٹر حسن قادری کا سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شیخوپورہ میں میلاد پاکؐ کے سلسلہ میں منعقدہ عظیم الشان سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جملہ مسائل کا حل اتحاد و یکجہتی اورسیرت طیبہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ آپﷺ نے امن بقائے باہمی اور عفوودرگزر کی طاقت سے مدینہ کی مثالی ریاست قائم کی۔تفرقہ اور تقسیم میں شر جبکہ جماعت میں خیر ہے۔ آپ ﷺ نے نرمی اورصبر و تحمل کے ذریعے پتھر جیسے سخت دلوں کو موم کیا۔ آج ہم نے مصطفوی تعلیمات کو بھلا دیا ہے۔ نرمی کی جگہ غصہ، معافی کی جگہ انتقام، محبت کی جگہ نفرت کے بتوں کو دل و دماغ میں بٹھا رکھا ہے اور ان نفرتوں کی وجہ سے زندگیاں جہنم زار بنی ہوئی ہیں، معاف کرنا سیکھیں، لوگوں کو دور کرنے کی بجائے قریب لائیں، آپ ﷺکی زندگی میں طائف، احد، بدر، خندق، ہجرت مدینہ کی آزمائشیں اور صبر آزما تلخیاں آئیں مگر آپ ﷺہر نازک سے نازک موقع اپنی فراخ دلی کی وجہ سے سرخرو ہوئے اور آپﷺ نے فتح مکہ کی عظیم الشان اور فقید المثال کامیابی کے بعد بھی صلہ رحمی اور عفوودرگزر کی طاقت کو کمزور نہیں ہونے دیا اور بدترین دشمنان اسلام کو معاف کرتے چلے گئے، اسی عام معافی کی وجہ سے کرۂ ارض پر اسلام کی عظیم الشان سلطنت قائم ہوئی۔

سیرت النبیؐ کانفرنس میں علامہ رانا محمد ادریس، میاں زاہد اسلام، رانا وحید شہزاد، میاں انصر محمود، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، عدنان وحید قاسمی، ملک کلیم ناصر ایڈووکیٹ، عبدالحمید مصطفوی، میاں سرفراز، ملک شکیل اعوان، شبیر مغل، علامہ اقبال احمد اکبر، رانا ذوالفقار، عطاء المصطفیٰ، ام حبیبہ اسماعیل، صائمہ نور، مسزآسیہ حمید، راحت ممتاز، مسز عظمیٰ ناصر نے شرکت کی اور اظہار خیال کیا۔

شیخوپورہ پہنچنے پر چیئرمین سپریم کونسل اور ان کے وفد کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے پرتپاک استقبال کیا گیا۔