اظہر علی ٹیسٹ کپتان، محسن خان چیف سلیکٹر بننے کے مضبوط امیدوار

  اظہر علی ٹیسٹ کپتان، محسن خان چیف سلیکٹر بننے کے مضبوط امیدوار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(آئی این پی) پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی اجلاس میں تجاویز اور سفارشات مرتب کرلی گئیں جس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کا کپتان بننے کے لیے اظہرعلی مضبوط امیدوار ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی کرکٹ کمیٹی اجلاس میں زیادہ تر ارکان نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو توسیع دینے کی مخالفت کردی، سفارشات اور تجاویز چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھجوادی گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کے کپتان بننے کے لیے اظہر علی مضبوط امیدوار ہیں، سرفراز احمد کی تینوں فارمیٹ میں کپتانی پر بھی اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔چیف سلیکٹر کے لیے کئی سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے نام زیر غور آئے ہیں، محسن خان چیف سلیکٹر کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔اجلاس کے دوران تمام اراکین نے بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کے لیے قومی ٹیم کا نائب کپتان بنانے اور مستقبل میں قیادت کے لیے تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلے کریں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے محدود اوورز کی کپتانی کے لیے شاداب خان کا نام تجویز کیا تھا۔ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی سے متعلق کرکٹ کمیٹی کے ارکان نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے سخت سوالات کیے تھے، جس پرمکی آرتھر جوابات سے مطمئن نہیں کر سکے تھے۔کمیٹی نے سوال کیا تھا کہ چیمپئنزٹرافی جیتنے والی ٹیم کی کارکردگی نیچے کیوں گئی؟جس پر ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کارکردگی گرنے کی کئی وجوہات ہیں جن میں فیلڈنگ اہم ہے۔