بلوچستان: سیلابی ریلوں سے پٹ فیڈر کینال اور جوڈھیر شاخ میں 14 شگاف پڑگئے
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے آنے والے سیلابی ریلوں نے پٹ فیڈر کینال اور جوڈھیر شاخ میں 14شگاف ڈال دیے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان کے صوبائی وزیر آب پاشی میر صادق عمرانی نے بتایا کہ ضلع ڈیرہ بگٹی سے آنے والے 3 ہزار کیوسک پانی کے ریلوں نے پٹ فیڈر کینال، جو ڈھیر شاخ، ڈرینج اور شاہی کینال کو متاثر کیا ہے جبکہ سیلابی ریلوں کے باعث پٹ فیڈر کینال اور جوڈھیر شاخ میں 14شگاف پڑگئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ آب پاشی کے عملے نے 12شگاف پر کردیے لیکن پانی کا بہاو¿ زیادہ ہونے کی وجہ سے 2 شگاف ابھی تک پر نہیں کیے جاسکے ہیں، پٹ فیڈر کینال کا 30 کلو میٹر علاقے پہلے ہی مٹی اور کیچڑ سے بھر ہوا ہے اور ڈیرہ بگٹی سے آنے والاسیلابی ریلا مزید مٹی نہر میں لے آیا ہے۔صادق عمرانی نے بتایا کہ پٹ فیڈر کینال کی صفائی کیلئے وزیراعلیٰ سے فنڈز مانگے ہیں، فنڈز ملتے ہیں نہر کی صفائی شروع کردی جائے گی۔دوسری جانب بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔