سینئر صحافی سہیل وڑائچ کی عمران خان سے جیل میں "خفیہ ملاقات" ، بانی پی ٹی آئی کا مؤقف اور احتجاج کی کہانی شیئرکردی

سینئر صحافی سہیل وڑائچ کی عمران خان سے جیل میں "خفیہ ملاقات" ، بانی پی ٹی آئی ...
سینئر صحافی سہیل وڑائچ کی عمران خان سے جیل میں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان  نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دی تھی اور گزشتہ روز کچھ قافلوں کے اسلام آباد کی حدود کی داخلے کی اطلاعات ہیں لیکن عملی طورپر حکومت نے تقریباً پورا ملک خاص طور پر پنجاب کو بند کردیا جس کی وجہ سے عام شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے ، تاحال حکومت اور تحریک انصاف میں مذاکرات بھی کامیاب نہیں ہوسکے ، حکومت مظاہرین کو ریڈزون میں داخلے کی اجازت نہ دینے پر بضد ہے تو تحریک انصاف وہاں پہنچنے پرمصر، ایسے میں سینئر کالم نویس  سہیل وڑائچ نے عمران خان سے  "خفیہ ملاقات" کے عنوان سے ایک کالم لکھا ہے جس میں بانی پی ٹی آئی کا مؤقف اور احتجاج کی کہانی شیئرکی ہے جو دراصل ایک خواب یا ان کی سوچ تھی ۔

سہیل وڑائچ نے روزنامہ" جنگ" میں لکھا کہ  "رات کا اندھیرا تھا ہاتھ کو ہاتھ سجھائی نہ دیتا تھا مگر میں کسی نہ کسی طرح اڈیالہ پہنچ گیا جیلروں کی آنکھ میں دھول جھونکنا تو مجھے آتا ہے میں نے انہیں باتوں میں لگا کر ایسا الجھایا کہ انہوں نے مجھ سے تعرض نہ کیا میں پوچھتا پچھاتا خان کی بیرک میں جا پہنچا وارڈ کے دروازے کو زور سے کھٹکھٹایا تو سویا ہوا خان ہربڑا کر اٹھ بیٹھا دروازے کے قریب آکر مجھے دیکھا پہچاننے کی کوشش کی اور پھر کہا سہیل تم بھی جیل پہنچ گئے تمہیں بھی بند کر دیا یہ تھوڑا سا سچ بھی برداشت نہیں کرتے اب صحافیوں کو بھی جیل بھیجنا شروع کر دیا ہے۔

 میں اس اچانک حملے سے گھبرا گیا مگر خان کے دو تین فقروں کے بعد میں نے کہا کہ میں جیل میں بند نہیں ہوا آپ سے خفیہ ملاقات کیلئے آیا ہوں جیلروں سے جھوٹ سچ بول کر آپ کے پاس آ پہنچا ہوں تاکہ آپ سے ملک میں جاری بحران کے بارے میں بات کر سکوں۔ براہ راست گفتگو سے کئی لاینحل مسائل بھی منٹوں میں حل ہو سکتے ہیں خان نے کہا دیکھو 24نومبر کو انہیں پورا ملک بند کرنا پڑا یہ مجھ سے خوفزدہ ہیں میں جو چاہتا تھا وہ ہو گیا تحریک انصاف جب چاہے پورا ملک بند کر سکتی ہے ملک میں اور کونسی ایسی سیاسی قوت ہے جو یہ کام کر سکے۔ میں چپ رہا خان نے کہا تمہیں یاد ہے جب ہم اکٹھے میانوالی گئے تھے اور کالا باغ ڈیم کی سائٹ کا دورہ کیا تھا پھر کہا کہ وہ ٹرک اڈے کا کھانا بھی یاد ہے؟

میں نے مسکرا کر کہا جی مجھے یاد ہے اسی انٹرویو میں آپ نے پہلی بار جمائما خان سے اختلافات کا انکشاف کیا تھا۔ خان نے سرد آہ بھری شاید اسے اپنی پہلی بیوی اور بچے یاد آ رہے ہوں، جیل کی تنہائی میں اکثر وہ کچھ یاد آتا ہے جو آپ اکثر چھپائے رکھتے ہیں۔میں سلاخوں کے باہر کھڑا تھا دور سے کہیں ملگجی ہلکی روشنی نظر آ رہی تھی خان کی صحت ٹھیک ٹھاک تھی شیو بنی ہوئی تھی اس نے بتایا کہ ابھی اس نے سخت ورزش کی ہے اسلئے گہری نیند لے رہا تھا پھر بتایا کہ تحریک زوروں پر ہے قافلے روانہ ہو چکے ہیں یہ تب تک نہیں اٹھیں گے جب تک میری اور تمام قیدیوں کی رہائی نہیں ہوتی۔

 پھر مجھ سے پوچھا خیر تم بتاؤ یہاں کیسے آئے ہو میں نے عرض کی کہ خان صاحب آپ کافی اندھیرے میں رکھے جا رہے ہیں آپ کو غلط اطلاعات مل رہی ہیں میں آپ کو الیکشن سے پہلے کہتا رہا کہ آپ کو مقبولیت تو حاصل ہے قبولیت حاصل نہیں، میرا مذاق اڑایا گیا مگرتلخ حقیقت یہی تھی۔ آج میں آپ سے دست بستہ عرض کر رہا ہوں کہ آپ کی مقبولیت تو برقرار ہے مگر آپ کی اپنے چاہنے والوں پر گرفت نہیں ہے پنجاب آپ کے حامیوں سے بھرا پڑا ہے لاہور میں تحریک انصاف کا غلغلہ ہے مگر کوئی ایک جلوس، ایک بڑا جتھا یا کوئی مشتعل شخص باہر نہیں نکلا، جس سے پتہ چل رہا ہے آپ کے پاس ایسا ہجوم ہے جسکا کنٹرول آپ کے پاس نہیں ہے ۔

آپ کے پاس نہ تنظیم ہے نہ ڈسپلن ہے احتجاجی تحریک اس کے بغیر نہیں چلتی پورے پنجاب میں صرف میانوالی سے ہتھیار بند سرفروش نکلے ہیں اور حفاظتی ناکوں کو توڑتے ہوئے اسلام آباد کے قریب پہنچے ہیں ہزاروں کا جلوس صرف پختونخوا سے ہی آ رہا ہے باقی سوائے اٹک اور میانوالی کے پنجاب میں مکمل سکوت ہے، اسے خوف، دبدبہ اور آمرانہ ہتھکنڈے کہنا درست ہو گا مگر یہ بھی ضرور کہا جائیگا کہ خوف کے باوجود لگن اور جذبے کی کمی ہے ۔شیدائی تو بہت ہیں سوشل میڈیا پر مگر یہ گفتار کے غازی ہیں کردار کے نہیں، یہ محفوظ اننگز کھیلتے ہیں چوکا چھکا مارنے کا حوصلہ نہیں کرپاتے بس ٹک ٹک کرکے کھیلنا چاہتے ہیں۔

 خان صاحب نے میرے سیل رواں کو رکنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا مجھے آپ کی باتوں کا یقین نہیں آپ بھی لفافی ہو گئے ہو۔ ہر کسی کو میری فتح کا علم ہے میں جیت گیا ہوں حکومت اور مقتدرہ اپنے اقدامات کی وجہ سے ہار گئی ہے میری اخلاقی فتح ہوئی ہے۔ میں نے کہا جان کی امان پاؤں تو عرض کروں انہوں نے اشارہ کیا ہاں تو میں بولا کہ اخلاقی فتح تو ہم مثالیت پسندوں کے باغ کی مولی ہے آپ تو عملیت پسند ہیں آپ کو مادی فتح نہ ملی تو اسے شکست ماننا پڑیگا یہ تو ہم ہمیشہ سے ہارے ہوئے لوگوں کا نظریہ ہے کہ ہم ملامتی ہمیشہ ہار کر بھی جیتتے ہیں ہماری ہر شکست میں فتح ہوتی ہے۔ آپ صوفی ضرور ہونگے مگر آپ تو مادی فتح والے سیاست دان بھی ہیں۔ خان نے کہا دیکھو سہیل حد ہو گئی ہے 2024ء میں دھاندلی کی انتہا ہو گئی عدالتوں کو ترمیم کے ذریعے انصاف دینے سے روک دیا گیا فوج جانبدار ہو چکی ہے حکومت میں بیٹھے سیاست دان بے غیرت ہیں انہیں شرم نہیں آتی جعلی مینڈیٹ پر حکومت کرتے ہوئے ،میں نے ایک قدم پیچھے ہٹ کر ہاتھ باندھ لیے۔

عمران ایک لمحے کیلئے ششدر ہوئے پھر مسکرا کر بولے کیا ہوا میں نے عرض کیا جو آپ کہہ رہے ہیں 2018ء میں یہی بات آپ کے مخالف کہتے تھے وہ کہتے تھے آپ سلیکٹڈ وزیر اعظم ہیں وہ کہتے تھے فوج نے آپ کو جتوایا ہے عدالتوں نے ن کیخلاف فیصلے دیئے تھے اور اس وقت فوج آپ کیساتھ ایک صفحہ پر ہوتی تھی اور آپ اس کا فخریہ اعتراف بھی کرتے تھے ہوسکتا ہے کہ آپ کیساتھ زیادہ زیادتی ہو گئی ہو مگر فرق تھوڑا بہت ہے جو کچھ ان کے ساتھ ہوا وہی آپ کے ساتھ ہو رہا ہے آپ کو درد زیادہ ہو رہا ہے۔ ناراض ہوتے ہوئے خان نے کہا کہ ہمارے ساتھ تو حد ہو گئی ہے عورتوں تک کو بند کر دیا گیا ہے گھر توڑ دیئے گئے اتنا ظلم کبھی نہیں ہوا، میں نے پھر دست بستہ عرض کی کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا پاکستان بننے کے بعد کمیونسٹوں کیساتھ کیا کیا ظلم نہ روا رکھے گئے 80ء کی دہائی میں اکثر کمیونسٹ سزاؤں اور مشکلات، جاسوسی اور ظلم و ستم کے باعث آ دھے پاگل اور ابنار مل ہو چکے تھے جو چند بچ گئے تھے وہ نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہو گئے تھے پھر تھوڑے عرصے کیلئے جماعت اسلامی کی باری آئی اور اگلے پندرہ بیس سال پیپلز پارٹی کوڑوں، جیلوں اور پھانسیوں کو بھگتتی رہی، یہاں تو یہ سلسلہ شروع سے ہی چل رہا ہے یہاں کبھی کوئی مظلوم ہوتا ہے تو کبھی وہی ظالم بن جاتا ہے ۔

خان کو نہ میرے تجزیے سے اتفاق تھا اور نہ اسے میری باتیں پسند آ رہی تھیں۔مگر اس نے یہ خیال کرتے ہوئے کہ میں اتنی دور سے پتہ نہیں کیسے جیل اس کے سیل تک پہنچا ہوں مجھے ٹالنے کی خاطر سوا ل کیا کہ اچھا پھر بتاؤ کہ مسئلہ کا حل کیا ہے ؟میں نے ترت جواب دیا لچک دکھاتے ہوئے مصالحت کی طرف پیش قدمی ۔خان نے کہا کہ یہ ہر بار مجھے دھوکہ دیتے ہیں پچھلے دروازے سے مذاکرات شروع کرتے ہیں اور پھر اپنا کام نکلوا کر وعدے پورے نہیں کرتے۔ ان سے اب بات نہیں کرنی اب معاملہ سڑکوں پر ہی طے ہو گا ۔

میں نے لجاجت سے عرض کی کہ نہیں آپ سب سے مقبول ہیں راستہ نکلنا چاہیے خان نے فوراً پوچھا راستہ ہے کیا ؟ میں نے کہا وہی راستہ جو نون اور پیپل نے 2018ء میں اختیار کیا وہی آپ اختیار کریں جیسے انہوں نے دھاندلی کے باوجود سسٹم کو مان لیا آپ بھی مان لیں جس طرح انہوں نے آہستہ آہستہ مقتدرہ سے پینگیں بڑھائیں آپ بھی بڑھالیں ۔قومی حکومت میں شامل ہو کر آئندہ انتخابات کو منصفانہ اور غیر جانبدارانہ بنوالیں یہی آپ کی فتح ہو گی۔

حکومت روز بروز غیر مقبول ہو گی آپ اسمبلی میں بیٹھ کر اس پر تنقید کریں ہڑتالیں، دھرنے اور لانگ مارچ چھوڑ یں اسمبلی کی سیاست کریں لیڈر آف دی اپوزیشن بنیں آئندہ حکومت کیلئے تیاری کریں پہلے سے ماہرین کو بلا کر حکمت عملی طے کریں ،نئے دور نئی سیاست کا آغاز کریں ۔ خان نے حیرت زدہ ہو کر میری طرف دیکھا ایک رنگ غصے کا تھا اور ایک رنگ حیرت کا پھر کہا قومی حکومت پر بات ہو سکتی ہے میرا دل خوش ہو گیا میں نے آگے بڑھ کر خان سے وفور جذبات میں ہاتھ ملانا چاہا تو اچانک اپنی گردن پر ایک اجنبی ہاتھ کی گرفت محسوس ہوئی اور پھر زور سے میری کمر پر ڈنڈے کا وار ہوا، میں شدت تکلیف سے دوہرا ہو گیا تکلیف میں گرفتاری سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ یہ وار کس کا ہے اچانک میں درد سے کراہتا ہوا اپنے بستر سے اٹھ بیٹھا...."

مزید :

قومی -