باجوڑ :ماموند بیلوٹ میں پولیس کی گاڑ ی کے قریب دھماکا ، 5 اہلکارشہید
باجوڑ (ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبر پختون خوا کے شمالی ضلع باجوڑ کے علاقے ماموند بیلوٹ میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید جبکہ 22 زخمی ہوگئے ہیں ۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ تحصیل ماموند کے علاقے میں ہونیوالے دھماکے میں شہدااور زخمی سب پولیس اہلکار ہیں۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ، فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں ہو سکا ، دھماکے کے بعد خار کے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے ،ریسکیوکی جانب سے لاشوں اور زخمیوں کوہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے باجوڑ میں پولیس وین کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے ، وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔