عدالتی حکم بھی نظرانداز؟ ہزارہ ڈویژن کے مکینوں نے ’سٹون کرشنگ پلانٹس‘ بند کرنے کا مطالبہ کردیا
ہری پور(مانیٹرنگ ڈیسک) ہزارہ ڈویژن میں خان پور کے علاقے میں کے رہائشیوں نے ’سٹون کرشنگ پلانٹس‘ بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ عدالت کی طرف سے یہ سٹون کرشنگ پلانٹس بند کرنے کا حکم جاری ہوا تھا تاہم پلانٹس کے مالکان نے اس عدالتی حکم کو بھی نظرانداز کر دیا ہے اور ایک بار پھر یہ پلانٹس چالو کر دیئے ہیں۔
مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ان پلانٹس کے مالکان کو مقامی ضلعی افسران کی پشت پناہی حاصل ہے۔ علاقے میں 300کے لگ بھگ پتھر توڑنے والے پلانٹس موجود ہیں جو فضائی آلودگی کا سبب بن رہے ہیں۔ ان پلانٹس کی وجہ سے پھیلنے والی آلودگی سے علاقے میں نظام تنفس کی بیماریاں عام ہو چکی ہیں۔
مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ ڈیرہ ماﺅنٹین رینج کو لیز پر نہ دیا جائے اور وہاں سٹون کرشنگ پلانٹس نصب کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر آفس سمیت کئی افسران کو لوگ درخواستیں دے چکے ہیں اور کئی بار ضلعی انتظامیہ کے دفاتر کے سامنے احتجاج بھی کر چکے ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کے متعلق سپریم کورٹ کے واضح احکامات موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔