"23مارچ کو روائتی نہیں عوامی پریڈ ہوگی" احسن اقبال کا شیخ رشید کو جواب

"23مارچ کو روائتی نہیں عوامی پریڈ ہوگی" احسن اقبال کا شیخ رشید کو جواب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نوشہرو فیروز(ڈیلی پاکستان آن لائن )مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے مہنگائی مارچ کی تاریخ بدلنے کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان پر ردعمل کا اظہا کرتے ہوئے کہاہے کہ 23 مارچ کو فوجی پریڈ بھی ہوگی اور عوامی پریڈ بھی ہوگی۔
نجی ٹی وی کے مطابق  ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال کا کہنا تھاکہ 23 مارچ کو فوجی پریڈ بھی ہوگی اور عوامی پریڈ بھی ہوگی،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے 23 مارچ کو کس کے کہنے پر دھرنا دیا تھا؟ ملک کو آزاد اور شفاف انتخاب کے ذریعے اہل حکومت دی جائے۔دوسری طرف احسن اقبال نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر وفاقی وزیراسد  عمرکےایک ٹویٹ پر  طنز کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اے اہل وطن! انہیں معاف کر دیں کل تک یہ لوگ میٹرو بس کو جنگلہ بس کہہ کر اس کی برائیاں گنایا کرتے تھے، آج اسی کا کریڈٹ لینے کے لئے آسمان زمین کے قلابے ملا رہے ہیں اور وہ بھی کسی اور کے منصوبے پر۔

یاد رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 23 مارچ کو مہنگائی مارچ کا اعلان کیا ہے جس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے احتجاج کی تاریخ پر اعتراض کرتے ہوئےکہا  تھا  کہ یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کا مارچ کی کال دینا ایک انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور غیر اخلاقی اقدام ہے،23 مارچ کو افواج پاکستان قومی دن پر روائتی پریڈ کرتی ہیں,جس میں پاکستانی عوام سمیت غیر ملکی سفیر اور مندوب بھی شرکت کرتے ہیں،پریڈ کی تیاری کے حوالے سے دارالحکومت اسلام آباد کو سیکیورٹی الرٹ پر رکھا جاتا ہے،تیاری کے لئے بعض راستے دو تین روز قبل بند بھی کردئیے جاتے ہیں ، ایسے وقت پر مارچ کی کال ملک دوستی نہیں، مناسب ہوگا کہ اگر پی ڈی ایم مارچ کی کال اپریل میں لے جائے ،یوم پاکستان کو عوام کے نام پراحتجاج اور خلفشار کے دن کے طور پر اجاگر کرنا پی ڈی ایم کا ملک مخالف قوتوں کی خدمت کرنے کے مترادف ہے۔