غمِ حسینؓ میں رونا نبیؐ کی سنت ہے۔۔۔
عبادتوں میں یہ گِریہ بڑی عبادت ہے
غمِ حسینؓ میں رونا نبیؐ کی سنت ہے
جوان بیٹے کا لاشہ اٹھانا ہے اِس نے
ضعیف باپ پہ دیکھو یہ کیسی غربت ہے
بہن بھی بھائی کی خاطر ہے مانگتی پانی
ہے اپنی پیاس سے غافل عجب محبت ہے
نبیؐ کے بیٹے کی گردن پہ چل گیا خنجر
بھلائی کس نے محمدؐ کی پاک حرمت ہے
حسینؓ بیٹے کی آنکھوں کو چوم کر بولے
نبیؐ کے دین کو اکبر تری ضرورت ہے
جو بے نسب ہے میں بیعت نہ اس کی کر پایا
اسی لیے تو مقدر میں آئی ہجرت ہے
یہ اپنے بھائی کے قاتل سے اک بہن نے کہا
میں اپنے بھائی کو رو لوں مجھے اجازت ہے؟
حسینؓ رو کے یہ زینبؓ سے کہتے تھے عالم
تو قید ہوگی، مِرے حصے میں شہادت ہے
کلام :آفتاب عالم قریشی