چاہے جان چلی جائے، بانی پی ٹی آئی کو رہا کرا کر دم لیں گے، علی امین گنڈا پور کا جلسے سے خطاب
صوابی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ چاہے جان چلی جائے، بانی پی ٹی آئی کو رہا کرا کر دم لیں گے، قربانی کے بغیر آزادی نہیں ملتی، حقیقی آزادی کےلیے ہمیں قربانی دینی پڑے گی، بغیر قربانی کے حق، آزادی اور عزت نہیں ملے گی۔
صوابی میں جلسے سے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت کو بتانا چاہتا ہوں ہمارے لوگوں کے ساتھ ظلم کیا، ہم ایک ہیں، ایک ہوکر آگے نکلنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چاہے جان بھی چلی جائے، بانی پی ٹی آئی کو رہا کراکر دم لیں گے، جب تک بانی پی ٹی آئی کو رہا نہیں کریں گے واپس نہیں آئیں گے۔انہو ں نے مزید کہا کہ ہم مقابلہ کریں گے، گھر واپس نہیں آئیں گے، عہد کر تے ہیں حقیقی آزادی لینے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔