محرم میں تمام مسالک قیام امن کیلئے انتظامیہ کاساتھ دیں،اے سی جنت حسین

محرم میں تمام مسالک قیام امن کیلئے انتظامیہ کاساتھ دیں،اے سی جنت حسین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)محرم کے مقدس مہینے میں تمام مسالک کے افراد امن قائم رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔حسن ابدال پر امن شہر مگر بیرونی ہاتھوں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔تمام مجالس اور جلوسوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔علمائے کرام اور زاکرین اپنے خطابات میں دوسروں کی دل آزاری سے گریز کریں۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال جنت حسین کی زیر صدارت امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی راجہ فیاض خان اور چیئرمین میونسپل کمیٹی ظہیر احمد نے کیا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین چوہدری زبیر اقبال۔صدر سیرت کمیٹی حاجی چنگیز خان سمیت تمام مکتبہ فکر کی نمائندہ شخصیات اور مختلف محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر جنت حسین نیکوکارہ نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے کے دوران امن قائم رکھنے میں شہری اور بلخصوص علمائے کرام ہمارا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف مساجد اور مجالس کے دوران ریکارڈنگ کی جائے گی تا کہ کوئی دوسروں کی دل آزاری نہ کر سکے ۔ڈی ایس پی راجہ فیاض خان نے کہا کہ سیکورٹی کی فراہمی ہمارا فرض بنتا ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی انتظامیہ اپنے رضاء کار بھی تعینات کرے تا کہ مشتبہ افراد پر نظر رکھی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے راستوں کی سیکورٹی کلیرنس مختلف قانون نافظ کرنے والے اداروں کے ذریعے کرائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حسن ابدال ایک پر امن علاقہ ہے مگر ہمیں بیرونی ہاتھوں پر بھی نظر رکھنا ہو گی اور کسی کو ایسا موقع فراہم نہ کیا جائے جو یہاں کے امن کے لیے خطرہ ثابت ہو۔چیئرمین ظہیر احمد نے کہا کہ میونسپل کمیٹی حسن ابدال مجالس اور جلوسوں کے دوران ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے میں اپنا بھر پور کردار اد ا کرے گی۔ محرم کے دوران کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں چوبیس گھنٹے عملہ موجود ہو گا جو صفائی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے فوری کاروائی عمل میں لائے گا۔اس موقع پر ٹی ایچ کیو ہسپتال اور واپڈا کو بھی متنبہ کیا گیا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جائے جبکہ ہسپتال کا عملہ بھی الرٹ رہے اور مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کی مدد کے لیے موقع پر موجود رہیں۔اس موقع پر علاقے کے امن اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔