عام انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی کی گئی ، کسی ادارے کو عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے:حافظ حمداللہ
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی کی گئی ہے، کسی بھی ادارے کو عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں، پارلیمنٹ کی مضبوطی آئین کی بالادستی میں ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمداللہ نے کہا کہ پاک فوج اس ملک اور ریاست کا محافظ ادارہ ہے اس کا ہم احترام کرتے ہیں لیکن اگر جمہوریت کو غلام بنانے کے لئے پارلیمنٹ میں کوئی مداخلت کرتا ہے تو پھر ہم ان پر تنقید لازمی کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ مشرف کیساتھ جب ہم نے اتحاد کیا تھا وہ ایک وعدہ کی بنیاد پر تھا ،جب پرویز مشرف نے وعدہ خلافی کی تو سب سے پہلے جمعیت علماء اسلام نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کیا لیکن عمران خان نے اس وقت مشرف کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت میں خامیاں ضرور ہیں لیکن یہ ہم سب کا گھر ہے اور ہم سب کو مل بیٹھ کر اس کو ٹھیک کرنا ہوگا ،آج ہم سب کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ یہ ملک جرنیلوں کا ہے یا 21کروڑ عوام کا ہے؟ ہم حالیہ انتخابات کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن نے انتخابات سے قبل بہت سے دعوے کئے تھے کہ ہم ملک میں شفاف انتخابات کرائیں گے لیکن وہ اس میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔