شہری کا تعلق عوام سے ہو یا فورسز سے جان ومال کا تحفظ ہماری ذمے داری اور ترجیح ہے، علی امین گنڈاپور کا جرگے سے خطاب
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے کہاکہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر امن کیلئے یہاں جمع ہوئے ہیں، شہری کا تعلق عوام سے ہو یا فورسز سے جان ومال کا تحفظ ہماری ذمے داری اور ترجیح ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں گرینڈجرگے کا انعقاد کیا گیا،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جرگے میں وفاقی حکومت کی نمائندگی کی،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی جرگے میں شریک ہوئے،مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان خیبرپختونخوااسمبلی جرگے میں شریک ہوئے،جرگے میں ایمل ولی، پروفیسر ابراہیم، محسن داوڑ،میاں افتخار، محمد علی شاہ باچا ،سکندر شیرپاؤ نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر امن کیلئے یہاں جمع ہوئے ہیں،شہری کا تعلق عوام سے ہو یا فورسز سے جان ومال کا تحفظ ہماری ذمے داری اور ترجیح ہے،امید ہے جرگے کے ذریعے ہم مسئلے کے پرامن حل کیلئے راستہ نکالنے میں کامیاب ہونگے،کسی بھی مسئلے کا حل تصادم یا تشد دنہیں مذاکرات سے ممکن ہے ۔انہوں نے کہاکہ جرگے میں شریک سیاسی قائدین کی آرا اور تجاویز کا بھرپور احترام کیا جائے گا۔