انگلینڈ کے ہاتھوں شکست، جاوید میانداد نے کئی دنوں بعد خاموشی توڑ دی

انگلینڈ کے ہاتھوں شکست، جاوید میانداد نے کئی دنوں بعد خاموشی توڑ دی
انگلینڈ کے ہاتھوں شکست، جاوید میانداد نے کئی دنوں بعد خاموشی توڑ دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد نے کہا ہے کہ ناتجربہ کاری کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف پاکستان جیتا ہوا میچ ہار گیا اور ٹیم کے ساتھ لوگ بھی ایسے لگا دئیے گئے ہیں جنہیں کاپی پنسل پکڑنے کا شوق ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق جاوید میانداد نے کہا کہ کاپی پنسل پکڑنے کے بجائے کھلاڑیوں کو وہ بتائیں جو آنکھوں سے دیکھیں، جنہیں کاپی پنسل پکڑنی ہے تو وہ کالج یا سکول میں جاکر پڑھیں۔ چوتھی اننگز میں 277 رنز بنانا بہت مشکل ہوتا ہے، اور اگر پاکستانی ٹیم نے شروع میں سپنر لگائے ہوتے تو میچ جیت سکتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اسی گراﺅنڈ میں ہم سپنرز کے ساتھ کئی میچز جیت چکے ہیں، چوتھی اننگز میں سپنرز سے ٹیک کروایا جاتا لیکن جب میچ دیکھا توسب الٹا ہوگیا۔ 
واضح رہے کہ انگلینڈ نے مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 326 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلش ٹیم 219 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ 
پاکستان کو پہلی اننگز میں بلے بازوں کی اچھی کارکردگی کی بدولت پاکستان نے 107 رنز کی برتری حاصل کی تاہم دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن جواب دے گئی اور پوری ٹیم صرف 169 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس پر انگلینڈ کو 277 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 7 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیاتھا۔

مزید :

کھیل -