پاکستان کی ترقی کا دروازہ بلوچستان کی طر ف کھلتا ہے : صادق سنجرانی

پاکستان کی ترقی کا دروازہ بلوچستان کی طر ف کھلتا ہے : صادق سنجرانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاہے کہ سینیٹ نے صوبوں کی نمائندگی بہتر انداز میں کی ہے صوبوں اور وفاق کے مابین رابطہ کاری کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے سپیکر عبدالقدوس بزنجو کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا ملاقات میں چیرمین سینیٹ اور سپیکر بلوچستان اسمبلی کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کے علاوہ اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پرچیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان بالا نے ہمیشہ صوبوں کی موثر انداز میں نمائندگی کی ہے اور صوبائی رابطہ کاری کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں اور وفاق میں رابطہ کاری کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں ایوان بالا اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ صوبائی خودمختاری سے متعلق امور میں ایوان بالا کا کردار مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ روایتی سوچ ترک کر کے ترقیاتی عمل کو آگے بڑھایا جائے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ میں بلوچستان کے حوالے سے ہمیشہ مثبت بحث سامنے آئی ہے وفاقی حکومت نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کو اہمیت دی ہے کیونکہ پاکستان کی ترقی کا دروازہ بلوچستان کی طرف کھلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنا ہوں گے تاکہ ان قوتوں کو شکست دی جا سکے جو ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتے ہیں۔بلوچستان اسمبلی کے سپیکر عبدالقدوس بزنجو نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کیا اور کہا کہ ایوان بالا اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے مابین ادارہ جاتی تعاون کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ رابطہ کاری کے عمل کو تیز تر کر کے ترقی کے عمل کو نئی بلندیوں پر لے جایا جا سکے۔ ملاقات میں سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فرازکے علاوہ سینیٹرز احمد خان اور سجاد حسین طوری بھی موجود تھے۔