یورپی یونین بارے ایسی پالیسی کی ضرورت ہے جس سے قومی مفادات کو ٹھیس نہ پہنچے، علی رضا سید
میر پور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین اورممتاز کشمیری رہنما علی رضا سید نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے بارے میں بہتر پالیسی کی ضرورت ہے تاکہ قومی مفادات کو ٹھیس نہ پہنچے۔ ہم کشمیر کی آزادی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ، ہر کشمیری آزادی کشمیر اور استحکام پاکستان کا سفیر ہے، وہ عالمی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انسپاڈ کے صدر اور سابق مشیر انسانی حقوق ڈاکٹر سردار محمد طاہر تبسم سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر شیفیلڈ برطانیہ کی کاروباری و سماجی شخصیت سید محمد کاظمی بھی موجود تھے۔
علی رضا سید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بتدریج مخدوش ہو رہی ہے۔ کشمیریوں کو اس حالت میں اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔ بھارت کی غیر قانونی سرگرمیاں ہی اس کو بے نقاب کرنے کے لئے کافی ہیں۔ ہمیں اپنی سفارتکاری کے ذریعے دنیا کو کشمیر کی گمبھیر صورت حالُ سےآگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔کشمیر کونسل بہت جلد یورپی پارلیمنٹ میں کشمیر ویک کے انعقاد کا پروگرام بنا رہی ہے۔
اس موقع پر سردار طاہر تبسم نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیئے بغیر خطے میں امن کا خواب ادھورا رہے گا۔ بھارت لاکھ کوششیں کر لے کشمیری اپنی آزادی کے مشن کے لئے سربکف رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی ایسی ہونی چاہئے کہ دوست ممالک میں اضافہ ہو۔