پاکستان، بھارت اور افغانستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان، افغانستان اور بھارت کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کامرکز ڈی جی خان کے قریب جبکہ گہرائی 10کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور، اسلام آباداور پشاورسمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقے زلزلے سے لرز اٹھے، فیصل آباد، میانوالی ،بھکر، بھلوال، کمالیہ، جھنگ، سرگودھا، چنیوٹ، خانیوال ،ملتان، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، حافظ آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ میاں چنوں، کلورکوٹ، چناب نگر، پاکپتن،پیر محل، صفدرآباد،منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ،پنڈی بھٹیاں، سانگلہ ہل، ڈجکوٹ بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔بھیرہ، خوشاب، اوکاڑہ، جہلم،پسرور، مانانوالہ،چیچہ وطنی، شورکوٹ ، پھولنگر، شیخوپورہ، قصور، ظفروال، عارف والا بھی زمین لرز اٹھی۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں پشاور،شمالی وزیرستان،شانگلہ ،بونیر،ڈی آئی خان، لکی مروت، لوئر دیر، ٹانک، چترال اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں ، زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔آزاد اور مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی ، اتر پردیش، پنجاب اور ہریانہ میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے، افغانستان میں بھی پاکستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں زلزلہ آیا تاہم ابتدائی طورپر کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔