منفی سیاست کا جواب عوامی خدمت سے دیتے رہیں گے: عثمان بزدار

      منفی سیاست کا جواب عوامی خدمت سے دیتے رہیں گے: عثمان بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے موسم برسات میں بارشوں کے پیش نظر واساز اور انتظامیہ کو 24/7الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ موسم کی صورتحال کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کی جائے۔ شہروں میں نکاسی آب کے لیے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بارش کی صورت میں پانی کا نکاس کم سے کم وقت میں کیا جائے اور اس ضمن میں ڈی واٹرنگ پمپ اور دیگر ضروری مشینری مکمل فنکشنل ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ بارشی پانی کے جلد نکاس میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔شہریوں کو بارش کے دوران مشکل کا سامنا نہیں ہوناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ ٹریفک رواں  دواں رکھنے کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں۔واساز، انتظامی اور ٹریفک پولیس کے حکام بارش کے دوران دفاتر میں نہیں فیلڈ میں نظر آنے چاہئیں۔بارش ہونے سے نکاسی آب مکمل ہونے تک کی رپورٹ ٹائم لائن کے ساتھ وزیراعلی آفس بھجوائی جائے۔ سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کی قیادت میں ضلع راولپنڈی کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی،جس میں سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی- اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل، ترقیاتی کاموں اور فلاح عامہ کے منصوبوں پرپیشرفت سے آگاہ کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے - ترقی کے مخالفین کی ہر سازش پہلے بھی ناکام ہوئی آئندہ بھی ناکا م رہے گی- پراپیگنڈہ کرنے والوں کی منفی سیاست کا جواب عوامی خدمت سے دیتے رہیں گے - تنقیدبرائے تنقید کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں - کورونا کاپھیلاؤ روکنا ہماری حکومت کی بڑی کامیابی ہے- وزیراعظم عمران خان کی انسداد کورونا کی حکمت عملی کو ہر جگہ سراہا گیاہے-پنجاب میں کاروبار کھل گئے ہیں -راولپنڈی میں خواجہ سرا کمیونٹی کے لئے ”تحفظ سنٹر“ قائم کئے گئے ہیں -پولیس میں نفری کی کمی کو پورا کرنے کے لئے  10 ہزار بھرتیاں کر رہے ہیں - وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں امجد محمود چوہدری،محمد لطاسب ستی، راجہ صغیر احمد، جاوید کوثر، چوہدری ساجد محمود، چوہدری محمد عدنان، واثق قیوم عباسی، اعجاز خان، عمار صدیق کیانی اور عمر تنویر شامل تھے- 
عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -