مردان کا وہ سرکاری سکول جو کچھ سال سے 100 فیصد نتائج دے رہا ہے،95فیصد طلباء اے گریڈ کیسے حاصل کر تے ہیں؟
مردان (ڈیلی پاکستان آن لائن )صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں واقع گورنمنٹ ہائی سکول تخت بھائی کچھ سال سے 100 فیصد نتائج دے رہا ہے، اس سکول کے زیادہ تر طلباء اے ون گریڈ کے ساتھ امتحانات پاس کرتے ہیں جبکہ یہاں بی یا سی گریڈ کا کوئی تصور نہیں،اس سکول میں تبدیلی کی ایک اہم وجہ یہاں سے پاس آؤٹ ہونے والے طلبا ءہیں جو آگے اپنی تعلیم جاری رکھنے کے ساتھ اس سکول میں زیر تعلیم طلبا ءکو بلا معاوضہ شام کے اوقات میں پڑھاتے ہیں اور انہیں امتحانات کی تیاری کراتے ہیں۔
"وی نیوز" سے بات کرتے ہوئے سکول میں رضاکارانہ طور پر پڑھانے والے استاد محمد احمد نے بتایا کہ انہوں نے بھی اسی سکول سے تعلیم حاصل کی اور گزشتہ 5 سال سے یہاں بطور رضاکار پڑھا رہے ہیں۔
احمد کہتے ہیں کہ اس سکول کی ترقی کے باعث ہی علاقے کی ترقی بھی ممکن ہوئی،میں چاہتا ہوں کہ اس سکول کے بچے پڑھ سکیں اور ہمارا علاقہ بھی ان بچوں کی وجہ سے مزید ترقی کرے‘محمد احمد نے مزید بتایا کہ تقریباً ہر سال 300 بچوں کو مفت سٹیشنری دی جاتی ہے جس کے لئے مختلف مقامی این جی اوز بھی سکول کی مالی معاونت کرتی ہیں جبکہ کچھ مخیر حضرات بچوں کے لئے یونیفارم اور نقد رقم کی صورت میں مدد کرتے ہیں،دلچسپ بات یہ ہے کہ سکول کے اساتذہ اور پرنسپل اپنی ماہانہ تنخواہ میں سے بھی بچوں کی امداد کرتے ہیں۔
سکول کے پرنسپل خورشید خان نے کہاکہ وہ بھی اسی سکول کے طالبعلم رہ چکے ہیں، 1983 میں انہوں نے اسی سکول سے میٹرک کا امتحان پاس کیا اور بطور ٹیچر اسی سکول میں خدمات سرانجام دیں، وہ 2015 میں بطور پرنسپل اس سکول میں تعینات ہوئے،سکول کے سامنے دکان کرتے ایک مقامی شخص صابر خان نے وی نیوز کو بتایا کہ خورشید احمد کی بطور پرنسپل تعیناتی سے قبل سکول کی حالت زار اور تعلیمی کارکردگی اچھی نہیں تھی جس کے باعث بورڈ کے نتائج بھی مایوس کن تھے،صابر کہتے ہیں کہ سکول کے پرنسپل کی شب و روز محنت کے سبب اب نجی سکولوں کے بچوں نے بڑی تعداد میں یہاں داخلہ لے لیا ہے،تعلیمی اعتبار سے سکول کے بچوں نے بورڈ نتائج میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے ضلع بھر میں تخت بھائی کا نام روشن کر دیا،پرنسپل کے بقول بورڈ نتائج میں ہماری بہتر کارکردگی کی وجہ چھٹیوں میں بھی سکول کا کھلا رہنا تھا،سنہ 2019 میں ہمارے سکول کے بچوں نے بورڈ میں دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کیں جبکہ اسی سال 70 بچوں نے اے پلس اور 121 طلبا نے A گریڈ حاصل کیا،خورشید خان کا مشن ہے کہ تخت بھائی کا کوئی بھی بچہ علم حاصل کئے بغیر نہ رہ سکے،حال ہی میں منعقدہ ایم ڈی کیٹ امتحان میں ٹاپ کرنے والا امیدوار بھی اسی سکول کا طالب علم رہا ہے۔