ممکنہ طور پر کورونا سے متاثرہ وزیر توانائی اویس لغاری قومی اسمبلی اجلاس میں آ گئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ممکنہ طور پر کورونا سے متاثر وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری ماسک لگا کر قومی اسمبلی کے اجلاس میں آ گئے۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ نہیں کرایا لیکن کورونا کی علامات ہیں، بیماری کے باوجود ایوان میں جواب دینے آیا ہوں۔
اویس لغاری کی اس بات پر ڈپٹی سپیکر اسمبلی نے وفاقی وزیر کو مخاطب کرکے کہا کہ اگر ارکان اسمبلی کو خدشہ ہے کہ آپ کو کورونا ہے تو آپ چلے جائیں، اس پر ارکانِ اسمبلی نے بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کہیں کہ پہلے ٹیسٹ کرائیں۔
اس موقع پر حکومتی ارکان نے ازراہِ مذاق اویس لغاری کو مشورہ دیا کہ عمر ایوب کو جپھی ڈال کر ایوان سے چلے جائیں۔ اویس لغاری سپیکر کی ہدایت پر ایوان سے جانے لگے تو ازراہِ تفنن ہاتھ ملانے کیلئے عمر ایوب کی جانب بڑھے۔
اویس لغاری کے اس عمل پر عمر ایوب بھی گلے ملنے کیلئے کھڑے ہوئے اور باہیں پھیلا دیں جس کے بعد ایوان میں قہقہے گونج اٹھے۔ بعد ازاں وفاقی وزیر توانائی ڈپٹی سپیکر کی ہدایت پر ایوان سے روانہ ہوگئے۔