وہ خبر جسے پڑھنے کے بعد آپ ہمیشہ کیلئے کوکاکولا اور پیپسی پینا چھوڑ دیں گے

لندن (نیوز ڈیسک) دور جدید میں عام پائی جانے والی بیماریوں کی ایک بڑی وجہ وہ سافٹ ڈرنکس بھی ہیں جو ہماری زندگی کا لازمی حصہ بن چکے ہیں۔ شادی بیاہ کی تقریب ہو ، سالگرہ کی پارٹی یا معمول کا میل ملاپ، یہ مشروبات ہر جگہ لازمی موجود ہوتے ہیں۔ اگرچہ ان مشروبات کے نقصانات کا تذکرہ گاہے بگاہے سننے کو ملتا رہتا ہے لیکن یونیورسٹی آف لیور پول کے سائنسدان پروفیسر سائمن کیپ ویل نے کچھ ایسے خطرات کی جانب توجہ دلائی ہے کہ سافٹ ڈرنکس کی لت میں مبتلا لوگ دوبارہ انہیں ہاتھ لگانے سے توبہ کر لیں گے۔ اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق پروفیسر سائمن کا کہنا ہے کہ سافٹ ڈرنکس کے یوں تو بے شمار نقصانات ہیں لیکن مندرجہ ذیل چھ باتیں سرفہرست قرار دی جاسکتی ہیں:
-1شوگر
کولا مشروبات میں میٹھے کی مقدار خوفناک حد تک زیادہ ہوتی ہے۔ ریگولر سائز کی ایک بوتل میں تقریباً 16 چمچ چینی کے برابر میٹھا ہوتا ہے۔ مزید تشویشناک بات یہ ہے کہ اس میٹھے کو ایسی شکل میں مشروب کا حصہ بنایا جاتا ہے کہ پینے والوں کو بظاہر اس کی موجودگی کا احساس نہیں ہوتا اور یوں ہم خطرے کی حد سے کہیں زیادہ میٹھا استعمال کرتے ہیں۔
-2 موٹاپا اور ذیابیطس
کولا مشروبات کے شوقین افراد میں ٹائپ ٹو ذیا بیطس کا خطرہ 80 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
-3 دماغی صحت پر اثرات
سافٹ ڈرنکس اور کولا مشروبات کے زیادہ استعمال کی وجہ سے یادداشت کمزورہوجاتی ہے اور نئی چیزیں سیکھنے سمجھنے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ ان مشروبات کے عادی افراد بڑھاپے میں متعدد ذہنی بیماریوں اور خصوصاً الزائمر اور ڈیمنشیا کے شکار ہوجاتے ہیں۔
-4 ڈی این اے پر اثرات
سافٹ ڈرنکس میں سوڈیم بینزوایٹ جیسے مرکبات شامل کئے جاتے ہیں تاکہ انہیں لمبے عرصے کے لئے محفوظ رکھا جاسکے۔ یہ مرکبات ڈی این اے پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں جس کے نتیجے میں جگر کی بیماری، سروسس اور دماغی بیماری پارکنسن جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
-5 ہڈیوں اور دانتوں پر اثرات
سوڈے والے تمام مشروبات میں فاسفورک ایسڈ بھی پایا جاتا ہے جو کہ جسم میں کیلشیم کے انجذاب کو روکتا ہے، جس کا نتیجہ ہڈیوں اور دانتوں کی کمزوری کی صورت میں سامنے آتا ہے۔
-6 جنسی صحت پر اثرات
سوڈا کین کی اندرونی سطح پر بائے سفینول اے (بی پی اے) کی تہہ چڑھائی جاتی ہے۔ یہ مرکبات اینڈوکرائن سسٹم کو ریگولیٹ کرنے والے ہارمونز میں خرابی کا باعث بنتے ہیں۔ اس خرابی کا نتیجہ قبل از وقت بلوغت اور تولیدی صلاحیت متاثر ہونے کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ خصوصاً نوعمری میں کولا ڈرنکس کا زیادہ استعمال کرنے والوں کو جنسی کمزوری اور تولیدی صلاحیت میں کمی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔