پنجاب حکومت کا خواتین کے تحفظ کی جانب اہم قدم، لاہور میں جدید ویمن پروٹیکشن سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے لاہور میں جدید سہولیات سے آراستہ ویمن پروٹیکشن سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ یہ سینٹر ملتان کے بعد پنجاب میں قائم ہونے والا دوسرا سٹیٹ آف دی آرٹ پروٹیکشن سینٹر ہے، جس کا مقصد خواتین کو فوری قانونی مدد اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور اسی سلسلے میں پروٹیکشن اتھارٹی کے سینٹرز کے لیے قانون پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے۔ اس سینٹر میں خواتین کی شکایات درج کرنے کے لیے فرنٹ ڈیسک قائم کیا گیا ہے، جہاں انہیں فوری قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔ سینٹر میں لاء آفیسر، ماہر نفسیات اور پولیس پروٹیکشن کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، جبکہ خواتین کے ساتھ آنے والے بچوں کے لیے ایک پلے ایریا بھی بنایا گیا ہے تاکہ وہ محفوظ ماحول میں وقت گزار سکیں۔
حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کو خواتین کے لیے محفوظ بنانے کے وژن پر کام کر رہی ہیں، اور لاہور پروٹیکشن سینٹر کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ خواتین کی ترقی محض وقتی مسائل کا حل نہیں بلکہ نظام کی بہتری اور تبدیلی ہے، اسی لیے پنجاب حکومت اداروں کو مضبوط بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔
تقریب میں پولیٹیکل قونصلر برٹش ہائی کمیشن زوئی وار اور ہیڈ آف آفس پنجاب برٹش ہائی کمیشن بن واررٹن نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کلثوم ثاقب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر عورت کا بنیادی حق ہیں، اور اس سینٹر کا قیام بے حد ضروری تھا۔ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کم وسائل میں کام کر رہی ہے، لیکن اس سینٹر کے قیام کا مقصد خواتین کو ایک ہی جگہ تمام ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ویمن پروٹیکشن سینٹر میں خواتین کو قانونی معاونت، پولیس پروٹیکشن اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پنجاب ویمن پروٹیکشن سینٹر کی ہیلپ لائن ہے، جہاں خواتین کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مدد حاصل کر سکتی ہیں۔